سوشیل میڈیاشمالی بھارت

وزیر اعظم مودی اور ان کی والدہ کے AI ویڈیو پر سیاسی طوفان، بی جے پی کا کانگریس پر سنگین الزام

پدم شری ایوارڈ یافتہ متھور بھائی ساوانی نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر اے آئی ٹیکنالوجی کے غلط استعمال پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ ایسے مکالمے ہمارے سماج میں کبھی استعمال نہیں ہوتے، اس پر حکومت کو سخت قانون بنانا چاہئے۔

پٹنہ: بہار انتخابات سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی مرحومہ والدہ ہیرا بین پر بنائے گئے ایک اے آئی ویڈیو نے سیاسی ہلچل مچا دی ہے۔ یہ ویڈیو بہار کانگریس کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا گیا، جس میں مودی کو سوتے ہوئے اور ان کی والدہ کو انہیں ڈانٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اس ویڈیو میں استعمال کی گئی زبان پر سخت تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ بی جے پی نے اس پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ایک بار پھر وزیر اعظم کی والدہ کی توہین کر رہی ہے۔ پارٹی کے ترجمان شہزاد پوناوالا نے الزام عائد کیا کہ یہ اب گاندھی کی کانگریس نہیں بلکہ ’گالیوں والی کانگریس‘ ہے۔ بی جے پی کے سینئر رہنما شاہنواز حسین نے کہا کہ کانگریس کو اس ویڈیو پر شرمندہ ہونا چاہئے اور اسے عوامی طور پر معافی مانگنی چاہئے۔

دوسری جانب پدم شری ایوارڈ یافتہ متھور بھائی ساوانی نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر اے آئی ٹیکنالوجی کے غلط استعمال پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ ایسے مکالمے ہمارے سماج میں کبھی استعمال نہیں ہوتے، اس پر حکومت کو سخت قانون بنانا چاہئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ راہل گاندھی کی ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران دربھنگہ میں کانگریس اور آر جے ڈی کے جلسے میں بھی مودی اور ان کی والدہ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے تھے، جس پر بی جے پی نے سخت تنقید کی تھی۔ اب یہ نیا اے آئی ویڈیو تنازعہ انتخابات سے قبل بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سیاسی جنگ کو مزید تیز کرتا دکھائی دے رہا ہے۔