حیدرآباد

ویڈیو: گولکنڈہ میں بارانِ رحمت کیلئے نمازِ استسقاء، خصوصی دعائیں

بارانِ رحمت کے نزول اور خشک سالی کے خاتمے کے لیے اتوارکی صبح 10 بجے اویسی گراؤنڈ، قلعہ محمد نگر، گولکنڈہ میں نمازِ استسقاء ادا کی گئی۔ اس موقع پر علماء کرام اور مقامی افراد نے شرکت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں کیں۔

حیدرآباد: بارانِ رحمت کے نزول اور خشک سالی کے خاتمے کے لیے اتوارکی صبح 10 بجے اویسی گراؤنڈ، قلعہ محمد نگر، گولکنڈہ میں نمازِ استسقاء ادا کی گئی۔ اس موقع پر علماء کرام اور مقامی افراد نے شرکت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں کیں۔

نمازِ استسقاء کی امامت مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری، خطیب و امام عیدگاہ گنبدانِ قطب شاہی نے انجام دی، جبکہ مفتی تجمل احمد کامل جامعہ نظامیہ نے بارانِ رحمت کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر قاضی و قاری طیب مومن نے بیان کیا اور حاضرین کو اللہ تعالیٰ سے رجوع کرنے، دعا و استغفار اور نیک اعمال کی ترغیب دی۔

اجتماع کے انتظامات میں الحاج غلام محی الدین خان ، شکیل علی خان اور محمد رفیع نے اہم حصہ لیا۔

اس موقع پر شرکاء نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ اپنی رحمت سے بارش نازل فرمائے، خشک سالی کو دور کرے اور زمین کو سرسبز و شاداب بنائے۔ ساتھ ہی ملک و ملت کی سلامتی، تمام انسانوں کی بھلائی اور رزق میں خیر و برکت کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔

شرکاء نے اللہ تعالیٰ سے التجا کی کہ وہ اپنی رحمت کے صدقے موسم کو سازگار بنائے، پانی کی قلت دور کرے اور تمام مخلوق کو راحت و سکون عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔