دہلی

راہول گاندھی سیکوریٹی پروٹوکول پر عمل نہیں کررہےہیں: سی آر پی ایف سربراہ

سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے جمعرات کے روز صدر کانگریس ملکاارجن کھرگے کو ایک مکتوب روانہ کیا اور خود راہول گاندھی کی جانب سے سیکورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی پر انتباہ دیا۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے جمعرات کے روز صدر کانگریس ملکاارجن کھرگے کو ایک مکتوب روانہ کیا اور خود راہول گاندھی کی جانب سے سیکورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی پر انتباہ دیا۔

قائد اپوزیشن کی سیکورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سی آر پی ایف کے وی وی آئی پی سیکورٹی سربراہ سنیل جون نے یہ مکتوب روانہ کیا ہے۔ اس مکتوب مورخہ 10 ستمبر میں راہول گاندھی پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ سیکورٹی پروٹوکول پر عمل نہیں کررہے ہیں اور مختلف مواقع پر ان کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ رائے بریلی کے رکن پارلیمنٹ وی وی آئی پی پروفائل کی سیاسی شخصیت ہونے کے باوجود اپنی سیکورٹی کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ یہ مکتوب ایک ایسے وقت روانہ کیا گیا ہے جب راہول گاندھی اپنے حلقہ لوک سبھا رائے بریلی کے دورہ پر ہیں۔

چہارشنبہ کے روز اپنے دورہ کے دوران کانگریس رکن پارلیمنٹ کو اپوزیشن بی جے پی ورکرس کے احتجاج اور مخالفت کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے ہائی وے کو بند کردیا تھا اور ”راہول گاندھی واپس جاؤ“ کے نعرے لگائے تھے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی لیکن راہول کا قافلہ تقریباً15 منٹ تک ہائی وے پر رکا رہا۔

پولیس اور مظاہرین بحث و تکرار میں مصروف تھے، پولیس انہیں سمجھانے میں کامیاب رہی، جس کے بعد ہی راہول کا قافلہ وہاں سے گزر سکا۔ سی آر پی ایف سربراہ نے راہول گاندھی کے بار بار کئے جانے والے بیرونی دوروں پر بھی تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی سیکورٹی ٹیم کو ان دوروں کے بارے میں پیشگی اطلاع نہیں دی جاتی۔

اس خط میں کہا گیا کہ گزشتہ 9 ماہ کے دوران راہول نے 6بیرونی دوروں کے موقعوں پر سیکورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کی۔ یہ تمام دورے سیکورٹی ایجنسی کو اطلاع دئے بغیر کئے گئے جس کے نتیجہ میں ایجنسی کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی وی وی آئی پی زمرے میں آتے ہیں اور انہیں زیڈپلس سیکورٹی کور حاصل ہے۔

سیکورٹی پروٹول کے مطابق ان جیسی وی وی آئی پی شخصیتوں کیلئے 15 دن پہلے ایجنسی کو اپنے بیرونی دوروں کی اطلاع دینی ضروری ہے لیکن کانگریس قائد اپنی سیکورٹی ٹیم کو کوئی بھی اطلاع دینے میں یا باخبر رکھنے میں ناکام رہے ہیں۔ راہول گاندھی کے حالیہ دورہ ملیشیاء کے دوران انہیں بیرونی سرزمین پر کسی سیکورٹی کے بغیر گھومتا ہوا دیکھا گیا۔