صحت

فی الحال ڈائیجین سیرپ استعمال نہ کریں، کمپنی نے اسٹاک واپس طلب کرلیا

بتایا گیا ہے کہ گوا کے مینوفیکچرنگ یونٹ میں تیار کردہ ڈائیجین سیرپ کے ساتھ ایسا ہوا ہے جس کی اطلاع ملنے پر کمپنی نے یہاں تیار کردہ تمام اسٹاک واپس طلب کرلیا ہے۔

حیدرآباد: ڈرگ مینوفیکچرر ایبٹ انڈیا نے مقبول اینٹی ایسڈ سیرپ، ڈائیجین تمام اسٹاک واپس طلب کرلیا ہے کیونکہ صارفین نے شکایت کی تھی کہ دوا کا گلابی رنگ سفید رنگ میں تبدیل ہوگیا ہے اور اس کا مزہ بھی کڑوا ہوچکا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ گوا کے مینوفیکچرنگ یونٹ میں تیار کردہ ڈائیجین سیرپ کے ساتھ ایسا ہوا ہے جس کی اطلاع ملنے پر کمپنی نے یہاں تیار کردہ تمام اسٹاک واپس طلب کرلیا ہے۔ دوا میں ایک عجیب بو آنے کی بھی شکایت کی گئی ہے۔ اس دوا کی رنگ گلابی اور ذائقہ میٹھا ہوتا ہے۔

یہ اطلاع عام ہوتے ہی ڈرگ کنٹرولر، سینٹرل ڈرگ اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن بھی حرکت میں آگیا ہے۔ اس نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ عوامی نوٹس میں کہا ہے: "ممنوعہ پروڈکٹ غیر محفوظ ہو سکتی ہے اور اس کے استعمال سے منفی ردعمل ہو سکتا ہے لہذا عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ گوا میں تیار کردہ ڈائیجین سیرپ کا استعمال فوری بند کردیں۔

ڈرگ کنٹرولر نے تمام ڈسٹری بیوٹرس، ہول سیلرس اور چلر فروشوں (میڈیکل اسٹور والوں) سے کہا ہے وہ فوری طور گوا میں تیار کردہ ڈائیجین سیرپ کا اسٹاک ہٹادیں اور متعلقہ ایجنسیوں سے تعاون کریں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے تاہم ان کا مزید یہ بھی کہنا ہے کہ جو بھی یہ دوا طویل عرصے سے استعمال کررہا ہو، اسے فوری اپنے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ دوسری طرف گولی کی شکل میں Digene کا استعمال محفوظ بتایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈائیجین سیرپ یا گولیاں تقریباً ہر گھر میں استعمال ہوتی ہیں۔ معدہ کی تیزابیت کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی شکایات جیسے سینے کی جلن، پیٹ میں تکلیف، پیٹ میں درد اور گیس کو دور کرنے کے لئے انہیں بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔

ڈاکٹروں کا مشورہ ہے کہ لوگ فی الحال اس کا استعمال نہ کریں جس کے لئے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے بجائے ہمیشہ ڈاکٹر سے مشورہ کریں کہ کون سی دوا استعمال کرنی ہے۔

اینٹی ایسڈ دوائیں عام طور پر محفوظ ہوتی ہیں اور راست میڈیکل اسٹور سے خریدی جاسکتی ہیں تاہم طویل مدتی استعمال سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ یہ دیگر پیچیدگیوں کا باعث بنتا ہے۔

اگرچہ لوگ دوا کو عام طور پر محفوظ سمجھتے ہوئے لیتے رہتے ہیں، طویل مدتی استعمال سے گردے اور ہڈیوں کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔