ایشیاء

ایسکلیٹر میں اچانک خرابی، درجنوں لوگ کچل گئے

چین کے ایک مشہور اور خوبصورت سیاحتی مقام پر قائم ’میجک کارپٹ‘ میں خرابی کے باعث کم از کم ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

بیجنگ: چین کے ایک مشہور اور خوبصورت سیاحتی مقام پر قائم ’میجک کارپٹ‘ میں خرابی کے باعث کم از کم ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

یہ واقعہ چین کے جنوبی علاقے میں واقع ایک مشہور پہاڑی سیاحتی مقام ’دیتیان آبشار‘ پر پیش آیا، جہاں سیاحوں کو علاقے کا فضائی نظارہ کرانے والی کنویئر بیلٹ "میجک کارپٹ” کی خرابی کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق "میجک کارپٹ” ایک کنویئر بیلٹ ہے جو سیاحوں کو بٹھا کر اوپر کی جانب لے جاتا ہے تاکہ وہ علاقے کے خوبصورت مناظر کا نظارہ کرسکیں۔

گزشتہ روز لوگوں کی بڑی تعداد ‘میجک کارپٹ’ کے کنویئر بیلٹ پر سوار تھی اس دوران چلتے چلتے اس نے اچانک پیچھے کی طرف جانا شروع کر دیا جس سے افراتفری مچ گئی اور فرشی نشست پر بیٹھے لوگ ایک دوسرے سے ٹکرا کر کچلنے لگے۔

اس حوالے سے ایک خاتون عینی شاہد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر یہ دعویٰ کیا کہ وہ بھی واقعے کے وقت میجک کارپٹ پر سوار تھی، اس نے دیکھا کہ کنویئر بیلٹ پر ہر شخص دو فٹ کے فاصلے سے قالین پر بیٹھا تھا۔

اس دوران بیلٹ جو اوپر کی جانب جارہا تھا کسی خرابی کے باعث اچانک رکا اور پیچھے کی جانب ڈھلان پر چلنا شروع کردیا جس سے لوگ آپس میں بری طرح ٹکرا گئے، دونوں اطراف کے حفاظتی پینل بھی ٹوٹ گئے تھے۔

ایک اور عینی شاہد کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت خوف کے باعث چیخ و پکار مچ گئی، لوگوں کے پھنسنے کے باوجود بیلٹ الٹی چلتی رہی، جس سے لوگ بری طرح زخمی ہوگئے۔

مقامی حکام کے مطابق حادثے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا جبکہ دیگر 59 افراد کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد کی فراہمی کے بعد روانہ کردیا گیا۔

دیتیان آبشار کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ واقعے کے بعد میجک کارپٹ کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے تاکہ آلات کی جانچ پڑتال اور مرمت کی جاسکے۔