حیدرآباد

سعیدآباد میں 14ویں 100 روزہ اسلامی فاؤنڈیشن پروگرام کا روح پرور اختتام، 72 کامیاب طلبہ میں سائیکلیں تقسیم

اس پروگرام میں باقاعدگی سے شرکت کرنے والے طلبہ میں سے 72 طلبہ نے امتحان میں کامیابی حاصل کی، جنہیں مسجد کمیٹی کی جانب سے سائیکلیں اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے

حیدرآباد : 14ویں 100 روزہ اسلامی فاؤنڈیشن پروگرام اور سائیکل تقسیم کا اختتامی جلسہ گزشتہ اتوار 11 جنوری کو ایم این فنکشن ہال، کرما گوڑہ سعیدآباد میں نہایت شاندار اور روح پرور انداز میں منعقد ہوا۔ یہ پروگرام مسجد باغ نرخی چھاؤنی ناد علی بیگ، یاقوت پورہ کی جانب سے منعقد کیا گیا جس میں گزشتہ 100 دنوں سے روزانہ فجر کی نماز کی پابندی کے ساتھ ایک گھنٹہ تعلیمی سلسلہ جاری تھا۔ اس پروگرام میں باقاعدگی سے شرکت کرنے والے طلبہ میں سے 72 طلبہ نے امتحان میں کامیابی حاصل کی، جنہیں مسجد کمیٹی کی جانب سے سائیکلیں اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ خبریں
،،یس آر گارڈن نلگنڈہ میں تحفظِ عقائد کانفرنس اور اسناد و انعامات کی تقسیم،،
جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں یومِ جمہوریہ کی تقریب، ڈاکٹر رفعت سیما کا خطاب
راہِ دین کا داعی، عابد، مجاہد، فیاض اور جری انسان: فاضل بیابانی مرحوم
بے روزگار نوجوانوں کیلئے ڈی ای ای ٹی ایک مؤثر ڈیجیٹل پلیٹ فارم: اقلیتی بہبود آفیسر آر۔ اندرا
آئی یو ایم ایل سٹوڈنٹس کانفرنس "ہم سفر” نے حیدرآباد یونیورسٹی کے طلباء میں اتحاد اور سماجی ذمہ داری کا مطالبہ کیا

پروگرام کا نورانی منظر صبح کی اولین ساعتوں ہی سے دیکھنے کو ملا۔ مسجد باغ نرخی کے اطراف و اکناف عید کا سا سماں تھا۔ طلبہ اپنے والدین اور عزیز و اقارب کے ہمراہ خوشی و مسرت کے ساتھ ایم این فنکشن ہال پہنچے جبکہ بعض طلبہ جلوس کی شکل میں نعرۂ عشقِ رسول ﷺ اور ترانے پڑھتے ہوئے فنکشن ہال تک آئے۔ اس روح پرور منظر کو دیکھ کر راہگیروں نے اپنی مصروفیات روک کر ویڈیوگرافی کی اور سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا۔

اس نورانی محفل و جلسہ کی سرپرستی عالی جناب محمد مصطفی شریف صاحب، صدر اہل سنت ویلفیئر سوسائٹی نے کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ طلبہ نے تعلیمی مظاہرہ پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی علماء کرام، مسجد کمیٹی کے صدور و اراکین، خطباء حضرات، ریٹائرڈ آئی اے ایس افسران، ماہر قانون، دانشورانِ ملت اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

قابلِ ذکر مہمانوں میں جناب سید عمر جلیل صاحب (ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر)، جناب ایم اے عظیم ایڈوکیٹ (سابق رکن اقلیتی کمیشن تلنگانہ)، جناب عبد الرحمن ایڈوکیٹ، مولانا حافظ محمد خان غوری نقشبندی کامل جامعہ نظامیہ، مولانا محمد رضا کامل جامعہ نظامیہ، جناب محمد شفیع صاحب صدر جامع مسجد مالن بی صاحبہ ریتی، جناب غلام محمد ایاز الدین صاحب صدر مسجد فتح اللہ بیگ یاقوت پورہ، جناب حسام الدین افروز صاحب صدر جامع مسجد باغ جہاں آراء، جناب محمد خواجہ محمد عاصم الدین صاحب صدر مسجد ماما رمضانی، جناب محمد معراج صاحب، جناب سید عبدالمطلب احمد اور سابق صدر جناب ڈاکٹر ابو سعید میر اشفاق شامل تھے۔

اس موقع پر مہمانوں کے ہاتھوں کامیاب طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے اور مہمانوں کو مومنٹوز پیش کئے گئے۔ اولیائے طلبہ اور مہمانوں نے طلبہ کے تعلیمی مظاہرہ کو خوب سراہا اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ مسجد باغ نرخی کی کمیٹی کے صدر، نائب صدر، معتمد، نائب معتمد، خازن اور دیگر اراکین کو اہل سنت ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے مومنٹوز پیش کئے گئے۔ اساتذہ کرام کی شال پوشی کی گئی اور ان کی خدمات کو سراہا گیا۔

پروگرام کے اختتام پر صلوٰۃ و سلام اور خصوصی دعا کی گئی۔ مسجد کمیٹی کی جانب سے تمام مہمانوں، اہل سنت ویلفیئر سوسائٹی کے ذمہ داران، اساتذہ، طلبہ اور اولیائے طلبہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اس موقع پر تمام شرکاء کے لئے ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ یہ جلسہ ایمان افروز، تعلیمی اور تربیتی اعتبار سے ایک یادگار اور مثالی تقریب ثابت ہوا