بہن کے دوسری ذات میں شادی کر نے پر بھائیوں نے بہنونی کو کیا قتل
تمل ناڈو کے ویردھو نگر ضلع کے شیوکاسی میں ایک لڑکی کے دوسری ذات میں شادی کرنے کے بعد لڑکی کے بھائیوں کے جھوٹی عزت کے لیے بہن کے شوہر کو قتل کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
چنئی: تمل ناڈو کے ویردھو نگر ضلع کے شیوکاسی میں ایک لڑکی کے دوسری ذات میں شادی کرنے کے بعد لڑکی کے بھائیوں کے جھوٹی عزت کے لیے بہن کے شوہر کو قتل کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
پولیس ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ 26 سالہ لڑكی کی شادی تقریباً آٹھ ماہ قبل دوسری ذات کے نوجوان کارتک پانڈیان سے ہوئی تھی۔ کل رات مبینہ طور پر اس کے بھائیوں نے نوجوان کا قتل کر دیا۔ اس واقعہ میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کارتک ایک آٹو مکینک تھا۔ اس نے آٹھ ماہ قبل نندنی کماری نامی لڑکی سے اس کے گھر والوں کی مرضی کے خلاف شادی کی تھی۔ نیا جوڑا لڑکی کے گھر کے قریب الگ رہ رہا تھا۔ لڑکی کے دونوں بھائی اس شادی سے ناراض تھے اس لیے وہ کارتک کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے تھے۔ بدھ کی رات جب وہ اپنی بیوی کو لینے کے لیے سپر مارکیٹ کے باہر انتظار کر رہا تھا۔ اس دوران اس کے بھائیوں نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر اس پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کر دیا۔ نندنی ایک سپر مارکیٹ میں کام کرتی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ بھائی اور ان کے دوستوں نے کارتک پر اپنی دو پہیہ گاڑی چڑھادی اور اس پر جان لیوا ہتھیاروں سے حملہ کیا جس سے اس کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں۔ اس کی بیوی کے سامنے ہی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ لڑکی نے اپنے شوہر کو بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ ناکام رہی۔ قتل کے فوراً بعد، پولیس نے بھائیوں پی دھنبالاموروگن اور پی بالاموروگن اور ان کے دوست شیوا کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے اعلیٰ افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال بھیج دیا۔
پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔