جماعت اسلامی کے ناگرک وکاس کیندر کے ایس آئی آر ہیلپ ڈیسک مراکز سے ہزاروں افراد مستفید
ہیلپ ڈیسک مراکز پر شہریوں کو ایس آئی آر فارم کی تکمیل، درخواستوں کی جمع آوری، مطلوبہ دستاویزات کی جانچ، آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی اور دیگر اہم دستاویزات کی اصلاح اور تجدید کے سلسلے میں مکمل رہنمائی اور عملی تعاون فراہم کیا جا رہا ہے، تاکہ کسی بھی تکنیکی یا دستاویزی دشواری کو بروقت دور کیا جا سکے۔
حیدرآباد: جماعت اسلامی ہند کی عوامی فلاحی پہل "ناگرک وکاس کیندر (NVK)” کے تحت اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے لیے قائم 13 ہیلپ ڈیسک مراکز عوام کو مسلسل خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ ان مراکز سے اب تک ہزاروں افراد استفادہ حاصل کر چکے ہیں، جبکہ روزانہ اوسطاً 125 سے 350 درخواستیں داخل کی جا رہی ہیں۔
ذمہ داران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر اپنے ایس آئی آر سے متعلق تمام ضروری کارروائیاں جلد مکمل کر لیں، کیونکہ یہ مراکز 3 اگست 2026 تک اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
ہیلپ ڈیسک مراکز پر شہریوں کو ایس آئی آر فارم کی تکمیل، درخواستوں کی جمع آوری، مطلوبہ دستاویزات کی جانچ، آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی اور دیگر اہم دستاویزات کی اصلاح اور تجدید کے سلسلے میں مکمل رہنمائی اور عملی تعاون فراہم کیا جا رہا ہے، تاکہ کسی بھی تکنیکی یا دستاویزی دشواری کو بروقت دور کیا جا سکے۔
ناگرک وکاس کیندر جماعت اسلامی ہند کی ایک عوامی خدمت پر مبنی پہل ہے، جس کا مقصد شہریوں کو حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں سے واقف کرانا، ان سے استفادہ حاصل کرنے میں رہنمائی فراہم کرنا اور دستاویزی مسائل کے حل میں عملی تعاون کرنا ہے۔ ان مراکز کے ذریعے فارم کی تکمیل، ضروری دستاویزات کی اصلاح، متعلقہ سرکاری دفاتر سے رابطہ اور سرکاری اسکیموں کے فوائد حاصل ہونے تک مسلسل رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ناگرک وکاس کیندر کی رہنمائی سے اب تک مختلف سرکاری فلاحی اسکیموں کے تحت 54 کروڑ روپے سے زائد کی مالی امداد مستحقین تک پہنچانے میں تعاون کیا جا چکا ہے، جبکہ ایک لاکھ سے زائد اہم دستاویزات، جن میں آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی اور دیگر بنیادی شناختی دستاویزات شامل ہیں، کی اصلاح اور تجدید بھی انجام دی جا چکی ہے۔
اس سلسلے میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ، جناب محمد اظہر الدین نے ناگرک وکاس کیندر کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے عوامی ضروریات کے پیش نظر مزید 25 نئے ناگرک وکاس کیندر مراکز کے قیام کے لیے جلد اقدامات کرنے کی ہدایت دی تاکہ یہ سہولت زیادہ سے زیادہ شہریوں تک پہنچ سکے۔
اجلاس میں سیکریٹری شعبہ ادارہ جات جناب اقبال حسین، جناب ایم۔ ایم۔ زاہد بیگ اور جناب احمد عبدالحلیم بھی موجود تھے۔
حیدرآباد میں ایس آئی آر ہیلپ ڈیسک مراکز ٹولی چوکی، لنگم پلی، پرانی حویلی، ان سائٹ اسکول راجندر نگر اور ذکری اسکول محبوب نگر میں قائم ہیں۔ شہری مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے متعلقہ مراکز یا NVK ہیڈ آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔