اہلِ بیت، صحابہ کرام اور اولیائے کرام کی محبت و تعظیم ایمان کا لازمی تقاضا ہے: مفتی ڈاکٹر ثاقب پاشاہ
وہ مسجد درگاہ شریف والا جاہ، صابر نگر، آصف نگر، حیدرآباد میں حضرت سید شاہ ولی اللہ محمد قادری الجیلانیؒ کے 291 ویں اور بدرِ ملت حضرت علامہ الحاج سید شاہ بدرالدین قادری الجیلانیؒ کے 11 ویں سالانہ عرس شریف کے موقع پر منعقدہ "جلسۂ پیغامِ حق" سے خطاب کر رہے تھے۔
حیدرآباد: معروف مذہبی اسکالر اور امریکہ میں مقیم سجادہ نشین، حضرت علامہ الحاج مفتی ڈاکٹر میراں سید شاہ نجم الدین قادری الجیلانی ثاقب پاشاہ نے کہا ہے کہ اہلِ بیتِ اطہار، صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور اولیائے کرام رحمہم اللہ کی محبت، عقیدت اور تعظیم ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔
وہ مسجد درگاہ شریف والا جاہ، صابر نگر، آصف نگر، حیدرآباد میں حضرت سید شاہ ولی اللہ محمد قادری الجیلانیؒ کے 291 ویں اور بدرِ ملت حضرت علامہ الحاج سید شاہ بدرالدین قادری الجیلانیؒ کے 11 ویں سالانہ عرس شریف کے موقع پر منعقدہ "جلسۂ پیغامِ حق” سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت بدرِ ملتؒ نے علمی، دینی، روحانی اور اصلاحی میدانوں میں جو خدمات انجام دیں، وہ آج بھی اہلِ علم و معرفت کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کا فیضان آئندہ بھی جاری رہے گا۔
مفتی ڈاکٹر ثاقب پاشاہ نے کہا کہ اہلِ سنت والجماعت کا عقیدہ اعتدال، محبت اور احترام پر قائم ہے اور صحابۂ کرام اور اہلِ بیتِ اطہار دونوں سے یکساں محبت اور عقیدت رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض حلقے امت میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ امت کا اتحاد تمام مقدس شخصیات کے احترام میں مضمر ہے۔
انہوں نے احادیثِ مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم ﷺ نے صحابۂ کرام کے احترام اور اہلِ بیت کی محبت کو ایمان کا حصہ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق درود شریف اور نماز میں بھی اہلِ بیتِ اطہار کا ذکر اور احترام بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ نفرت، انتشار اور فرقہ واریت سے دور رہتے ہوئے قرآن و سنت، محبتِ رسول ﷺ، اہلِ بیت، صحابۂ کرام اور اولیائے کرام کی تعلیمات کو مضبوطی سے تھامیں۔
مفتی ڈاکٹر ثاقب پاشاہ نے کہا کہ اولیائے کرام کی خانقاہیں اور آستانے صدیوں سے اہلِ بیت، خلفائے راشدین، صحابۂ کرام اور صوفیائے عظام کی عظمت اور احترام کے محافظ رہے ہیں اور آج بھی امت کے اتحاد و اخوت کے مراکز کی حیثیت رکھتے ہیں۔
جلسے میں مختلف خانقاہوں اور دینی اداروں سے تعلق رکھنے والے متعدد علماء، مشائخ، سجادگان اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید، نعت شریف اور منقبت سے ہوا جبکہ اختتام صلوٰۃ و سلام پر کیا گیا۔ بعد ازاں شرکاء کے لیے ضیافتِ طعام کا اہتمام کیا گیا جبکہ محفلِ سماع رات گئے تک جاری رہی۔