جنگ میں شدت، مزید 2500 امریکی مرینس مشرق وسطیٰ روانہ، تیل انفرااسٹرکچر اگلا نشانہ ہوگا
ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فورسس نے جمعہ کے دن ایران کے جزیرہ خارگ پر حملے کئے جہاں ایران کا بنیادی ٹرمنل موجود ہے۔ اس ٹرمنل سے ایران تیل برآمد کرتا ہے۔
دُبئی (اے پی) صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ نے ایک جزیرہ پر جو ایران کے تیل نیٹ ورک کے لئے اہم ہے‘ فوجی سائٹس کو تباہ کردیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران نے اگر آبنائے ہرمز سے جہازو ں کے گزرنے میں مداخلت جاری رکھی تو اس کا تیل انفرااسٹرکچر اگلا نشانہ ہوگا۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فورسس نے جمعہ کے دن ایران کے جزیرہ خارگ پر حملے کئے جہاں ایران کا بنیادی ٹرمنل موجود ہے۔ اس ٹرمنل سے ایران تیل برآمد کرتا ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ(مجلس) کے اسپیکر نے خبردار کیا تھا کہ ایسے حملے جوابی کارروائی کی نئی سطح کے لئے مشتعل کرنے کا باعث بنیں گے۔
اسی دوران ایک امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ مزید 2500 مرینس اور ایک ایمفیبیس اسالٹ جہاز مشرقِ وسطیٰ بھیجا جارہا ہے۔ ایران نے اسرائیل اور ہمسایہ عرب ممالک پر مزائل اور ڈرون حملے جاری رکھے ہیں۔ اس نے آبنائے ہرمز کو موثر طورپر بند کردیا ہے۔ اس آبنائے سے دنیاکا 20 فیصد تیل گزرتا ہے۔
امریکہ اور اسرائیلی جنگی طیارے ایران میں فوجی اور دیگر اہداف کو نشانہ بنائے ہوئے ہیں۔ لبنان میں انسانی بحران شدید ہوگیا ہے جہاں تقریباً 800 افراد ہلاک اور 8 لاکھ 50 ہزار افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ اسرائیل نے ایران نواز حزب اللہ پر حملے جاری رکھے ہیں۔ اس نے خبردار کیا ہے کہ حملے رکیں گے نہیں۔
اسی دوران بغداد(عراق) میں امریکی سفارت خانہ کے کمپاؤنڈ میں ہیلی پیاڈ پر مزائل حملہ ہوا۔ 2 عراقی عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ یہ وسیع و عریض کامپلکس جو دنیا میں امریکہ کے بڑے سفارتی مشنس میں ایک ہے‘ ایران نواز ملیشیاؤں کے راکٹ اور ڈرون حملوں کا باربار نشانہ بنتا رہا ہے۔