کیا 13 نومبر 2026 کو دنیا ختم ہوجائے گی؟ 1960 کی پیش قیاسی نے سوشل میڈیا پر مچائی ہلچل
دنیا کیا واقعی 13 نومبر 2026 کو ختم ہونے والی ہے؟ کیا 1960 کی دہائی میں سائنس دانوں کی جانب سے کی گئی ایک پیش گوئی اب حقیقت بننے جارہی ہے؟ ان دنوں سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف دعوے اور بحث جاری ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ان خبروں سے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، کیونکہ دنیا کے خاتمے سے متعلق ان دعوؤں کی کوئی مستند سائنسی بنیاد موجود نہیں ہے۔
دنیا کیا واقعی 13 نومبر 2026 کو ختم ہونے والی ہے؟ کیا 1960 کی دہائی میں سائنس دانوں کی جانب سے کی گئی ایک پیش گوئی اب حقیقت بننے جارہی ہے؟ ان دنوں سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف دعوے اور بحث جاری ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ان خبروں سے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، کیونکہ دنیا کے خاتمے سے متعلق ان دعوؤں کی کوئی مستند سائنسی بنیاد موجود نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق 1960 کی دہائی میں سائنس دانوں نے دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پر تشویش ظاہر کی تھی۔ ان کا خدشہ تھا کہ اگر آبادی میں اضافے کی رفتار اسی طرح برقرار رہی تو مستقبل میں زرعی پیداوار لوگوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہوسکتی ہے، جس کے نتیجے میں بھوک اور غذائی قلت جیسے مسائل سنگین صورت اختیار کرسکتے ہیں۔
اسی سلسلے میں پروفیسر ہینز وان فورسٹر اور ان کی ٹیم کا ایک تحقیقی مقالہ 1960 میں معروف سائنسی جریدے ’سائنس‘ میں شائع ہوا تھا۔ اس مقالے کا عنوان ’’ڈومس ڈے: جمعہ 13 نومبر 2026‘‘ رکھا گیا تھا۔ تحقیق میں ریاضیاتی حساب کے ذریعے یہ پیش گوئی کی گئی تھی کہ 13 نومبر 2026 تک دنیا کی آبادی ایک ایسی سطح پر پہنچ جائے گی جسے ریاضیاتی اعتبار سے لامحدود قرار دیا گیا تھا۔
پروفیسر ہینز وان فورسٹر کے مطابق دنیا کی آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ خوراک کی پیداوار، ٹیکنالوجی اور صنعتی سائنس کے شعبوں میں بھی ترقی ہورہی ہے۔ انہوں نے آبادی میں اضافے کی رفتار کو سمجھنے کے لیے ایک ریاضیاتی فارمولہ پیش کیا تھا، جس کی بنیاد پر 2026 کی تاریخ سامنے آئی تھی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ماہرِ ارضیات ڈاکٹر مائیکل ٹیکلا سے منسوب ایک اور دعویٰ بھی گردش کررہا ہے۔ اس دعوے کے مطابق 13 نومبر 2026 کو سورج سے غیر معمولی شدت کی توانائی خارج ہوسکتی ہے، جس سے زمین کے مقناطیسی میدان میں شدید تبدیلیاں پیدا ہونے اور بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
تاہم سائنس دانوں کے مطابق ان دعوؤں کو حقیقت سمجھنے کی کوئی ٹھوس وجہ موجود نہیں ہے۔ ماہرین اس حوالے سے وضاحت کرتے ہیں کہ پروفیسر فورسٹر کی پیش گوئی دراصل آبادی میں اضافے سے متعلق ایک ریاضیاتی ماڈل تھا، نہ کہ دنیا کے حقیقی خاتمے کی تاریخ۔ اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ 13 نومبر کو دنیا کی آبادی لامحدود ہوجائے گی۔
اسی طرح سورج میں مختلف سرگرمیاں معمول کے مطابق ہوتی رہتی ہیں، لیکن 13 نومبر کو سورج سے ایسی توانائی خارج ہونے کا کوئی مستند سائنسی ثبوت موجود نہیں جس سے پوری زمین تباہ ہوجائے۔
اس کے علاوہ دنیا بھر میں موجود خلائی ادارے اور جدید سائنسی نظام سورج، زمین اور دیگر اجرامِ فلکی کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھتے ہیں۔ کسی بڑے خلائی خطرے کی صورت میں اس کا مشاہدہ اور جائزہ لینے کے لیے جدید سائنسی سہولیات موجود ہیں۔
لہٰذا 13 نومبر 2026 کو دنیا کے خاتمے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو حقیقت سمجھنا درست نہیں ہوگا۔ 1960 کی دہائی میں پیش کی گئی ریاضیاتی پیش گوئی کو دنیا کے خاتمے کی یقینی تاریخ قرار دینے کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں ہے۔