چیف منسٹر یوپی کو دھمکی دینے والی خاتون رہا
ممبئی پولیس نے چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں پکڑی گئی 24 سالہ خاتون کو پوچھ تاچھ کے بعد چھوڑدیا۔
ممبئی (پی ٹی آئی) ممبئی پولیس نے چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں پکڑی گئی 24 سالہ خاتون کو پوچھ تاچھ کے بعد چھوڑدیا۔ ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔
اُلہاس نگر میں اپنی فیملی کے ساتھ رہنے والی فاطمہ خان آئی ٹی گریجویٹ ہے۔ اسے مہاراشٹرا اے ٹی ایس اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں پکڑا گیا تھا۔ اسے پوچھ تاچھ کے لئے ممبئی لایا گیا۔ نوٹس دی گئی اور اتوار کے دن چھوڑدیا گیا۔
پولیس کے بموجب وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے لیکن اس کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے۔ اس کا باپ لکڑی کا کاروبار کرتا ہے۔ ممبئی ٹریفک پولیس کو ہفتہ کے دن نامعلوم نمبر سے واٹس اَپ میسیج ملا تھا جس میں دھمکی دی گئی تھی کہ چیف منسٹر یوپی نے 10 دن میں استعفیٰ نہ دیا تو انہیں این سی پی قائد بابا صدیقی کی طرح ہلاک کردیا جائے گا۔
بابا صدیقی کو گزشتہ ماہ باندرہ ایسٹ میں گولی مارکر ہلاک کیا گیا تھا۔ دوران ِ تحقیقات پتہ چلا کہ میسیج فاطمہ خان نے بھیجا تھ۔ پولیس الرٹ ہے کیونکہ چیف منسٹر یوپی 20 نومبر کو مہاراشٹرااسمبلی الیکشن میں مہم چلانے کے لئے ممبئی آنے والے ہیں۔