ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ25-2023: ہندوستانی ٹیم کے شیڈول کا اعلان۔
ہندوستانی ٹیم کو ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس مقابلہ میں آسٹریلیا نے ٹیم انڈیا کو 209 رنز سے شکست دی۔
دبئی: ہندوستانی ٹیم کو ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس مقابلہ میں آسٹریلیا نے ٹیم انڈیا کو 209 رنز سے شکست دی۔
اس کے ساتھ ہی اب ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ 2023-25 کیلئے ہندوستانی ٹیم کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔ روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹسٹ سیریز جولائی سے اگست 2023 میں کھیلی جائے گی۔
اس کے بعد ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 2 ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان یہ سیریز دسمبر۔ جنوری 2024 میں کھیلی جائے گی۔ اس کے علاوہ ٹیم انڈیا جنوری۔ فروری 2024 میں 5 ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
ہندوستانی ٹیم کی بقیہ سیریز کی بات کریں تو ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز ستمبر۔اکتوبر 2024 میں کھیلی جائے گی۔ اس کے علاوہ ٹیم انڈیا بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کھیلے گی۔ ہندوستان۔ نیوزی لینڈ سیریز اکتوبر۔ نومبر 2024 میں منعقد کی جائے گی۔
دونوں ممالک کے درمیان ٹسٹ سیریز ہندوستانی سرزمین پر کھیلی جائے گی۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔ اس دورے پر ٹیم انڈیا آسٹریلیا کے خلاف 5 ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ بھارت۔آسٹریلیا ٹسٹ سیریز نومبر۔جنوری 2025 میں کھیلی جائے گی۔
اہم بات یہ ہے کہ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ 2023-25 سائیکل کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ 2 ٹیمیں فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے اب تک 2 فائنل کھیلے جاچکے ہیں۔ ٹیم انڈیا دونوں بار فائنل میں پہنچی ہے لیکن دونوں بار اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پہلی چمپئن شپ میں ہندوستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف شکست ہوئی تھی جبکہ دوسرے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اب تیسری مرتبہ ٹیم انڈیا یہ ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرے گی۔