ٹی آر ایس پارلیمنٹری پارٹی کا 18 جولائی کو اجلاس
پارلیمنٹ سیشن جو 18 جولائی پیر سے شروع ہونے والا ہے، کو مدنظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہفتہ16 جولائی کو ٹی آر ایس پارلیمنٹری پارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے
حیدرآباد: پارلیمنٹ سیشن جو 18 جولائی پیر سے شروع ہونے والا ہے، کو مدنظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہفتہ16 جولائی کو ٹی آر ایس پارلیمنٹری پارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں توقع ہے کہ کے سی آر، پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کی غیر جمہوری اصولوں کے خلاف احتجاج منظم کرنے کی ہدایت دیں گے۔
غیر جمہوری طرز حکمرانی سے ملک کے سیکولر ازم کے تانے بانوں کے ساتھ جذبہ وفاقیت کو بھی نقصان ہوا ہے۔ مرکز کی حکومت کے غیر جمہوری اقدامات کے خلاف پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں احتجاج کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔
ترقی پذیر ریاستوں سے مرکزی حکومت کے سوتیلے سلوک کو بے نقاب کرنے کیلئے ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کو دوسری ریاستوں کے عوامی نمائندوں کے ساتھ جدوجہد کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔
چیف منسٹر آفس سے جاری کردہ پریس ریلیز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت تلنگانہ نے اختراعی اور انقلابی پالیسیوں سے زراعت، آبپاشی اور اس سے مربوط شعبہ جات میں شاندار پیش رفت کی ہے۔
توقع ہے کہ ٹی آر ایس کے ایم پیز کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مرکزی حکومت کی مخالف زرعی وکسان پالیسیوں کے خلاف احتجاج کی ہدایت دی جائے گی۔
دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت نے ریاست میں مزیگا کو موثر انداز میں نافذ کیا ہے۔ اس کے باوجود مرکزی حکومت رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے۔ توقع ہے کہ ٹی آر ایس کے ارکان لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ان موضوعات کو اٹھائیں گے۔