روس میں ایل جی بی ٹی پروپیگنڈے کو مکمل پابندی کا سامنا
اس بل کے تحت جو پیر کو وہاں کی پارلیمنٹ ڈوما میں پیش کیا گیا، اس طرح کے بیانات اور پیغامات کو جنگی پروپیگنڈے اور نفرت پر اکسانے سے تشبیہ دی گئی ہے۔
حیدرآباد: روس میں ہم جنسی کے تعلقات کو فروغ دینے پر مستقل طور پر پابندی لگائی جاسکتی ہے۔ اس بل کے تحت جو پیر کو وہاں کی پارلیمنٹ ڈوما میں پیش کیا گیا، اس طرح کے بیانات اور پیغامات کو جنگی پروپیگنڈے اور نفرت پر اکسانے سے تشبیہ دی گئی ہے۔
فی الحال، روس میں ایل جی بی ٹی کے ‘پروپیگنڈے’ پر صرف اس وقت پابندی ہے جب بچوں کو بھی اس میں شامل کرلیا جاتا ہے تاہم کچھ روسی سیاست داں "خاندانی اقدار سے انکار” اور "غیر روایتی جنسی تعلقات کے پروپیگنڈے” کے خلاف سخت پابندیوں اور سزاؤں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بل کے ساتھ منسلک ایک وضاحتی نوٹ میں، استدلال پیش کیا گیا ہے کہ روس میں ایل جی بی ٹی پروپیگنڈا وسیع ہوچکا ہے اور اسے میڈیا، عوامی تقریبات، سٹریمنگ سرویسز اور فلموں میں اس طرح کے تعلقات کی عکاسی کے ذریعے فروغ دیا جا رہا ہے۔
"روس میں، قانون سازی کی سطح پر، خودکشی، منشیات، انتہا پسندی، مجرمانہ رویے کو فروغ دینے کی اجازت نہیں ہے، کیونکہ انہیں منفی اور سماجی طور پر خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ ایک ہی وقت میں، رسمی طور پر، اب تک، خاندانی اقدار کے انکار اور غیر روایتی جنسی تعلقات، بشمول فلم کی تقسیم و تشہیر اور نمائش، اور اس کے استعمال کے پروپیگنڈے پر کوئی پابندی نہیں ہے،” وضاحتی نوٹ میں یہ تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔
بل مرتب کرنے والوں، جن میں حکمران یونائیٹڈ رشیا پارٹی کے ارکان شامل نہیں ہیں – کا دعویٰ ہے کہ خاندان کو ایک سماجی قدر کے طور پر مسترد کرنا، نام نہاد "بچوں سے پاک” طرز زندگی کو فروغ دینا، اور غیر روایتی جنسی تعلقات کی منظوری اور تسلیم کرنا، یہ نہ صرف بچوں اور نوجوانوں کے لیے بلکہ پورے معاشرے کے لیے خطرناک ہے، کیونکہ یہ "آبادی کے مسائل اور مستقبل کی معاشی ترقی کو خطرے میں ڈال دیتا ہے۔”
بل کے مصنفین زور دیتے ہیں کہ "خاندان، ماں اور بچپن اپنی روایتی سمجھ میں، آباؤ اجداد سے لی گئی اقدار ہیں جو نسلوں کے مسلسل فروغ کو یقینی بناتے ہیں۔”
قانون سازوں نے یہ بھی نوٹ کیا ہے کہ ایل جی بی ٹی پروپیگنڈے کی ممانعت روسی شہریوں کو ان کی جنسی ترجیح اور رجحان کا تعین کرنے کے موقع اور حق سے محروم نہیں کرتی ہے اور نہ ہی یہ کسی بھی طرح سے ان کے ساتھ امتیازی سلوک کی اجازت دیتی ہے۔ تاہم، ان کا اصرار ہے کہ یہ مراعات "انہیں ایسے تعلقات کی عوامی منظوری حاصل کرنے کا حق نہیں دیتی ہیں” یا "ان ‘نئی’ اقدار کو پھیلاتے ہیں جو معاشرے کے لیے مخفی خطرات کا باعث ہیں۔”
گزشتہ ماہ، اسی طرح کا ایک بل ڈوما میں بھی پیش کیا گیا تھا، جس میں غیر روایتی جنسی تعلقات کو فروغ دینے پر ایک لاکھ 60 ہزار ڈالر سے زائد جرمانے کی تجویز دی گئی تھی۔