سعودی عرب میسی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کا خواہاں
واضح رہے کہ فرانسیسی کھیلوں کے اخبار لے اکیوپ نے منگل کو خبر دی تھی کہ پی ایس جی نے میسی کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریاض: پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ لیونل میسی کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد سعودی عرب کی حکومت ارجنٹائن کے کپتان کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے اور اسے فٹ بال کی تاریخ میں ’’سب سے زیادہ منافع بخش تنخواہ‘‘ دینے کے لئے تیار ہے۔
میسی کے نمائندے، ریاض سعودی پرو لیگ میں میسی کو لانے کے لئے بات چیت کر رہے ہیں۔ سعودی عرب اپنی لیگ میں کھیلنے کے لئے میسی کو سالانہ 400 ملین ڈالر ادا کر سکتا ہے، کرسٹیانو رونالڈو کو 2025 کے موسم گرما تک سعودی عرب میں کھیلنے کے لیے سالانہ 200 ملین ڈالر ادا کئے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ فرانسیسی کھیلوں کے اخبار لے اکیوپ نے منگل کو خبر دی تھی کہ پی ایس جی نے میسی کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پی ایس جی کے منیجر کرسٹوف گالٹیئر نے میسی کو سعودی عرب کا بغیر اجازت دورہ کرنے پر دو ہفتوں کے لیے معطل کر دیا ہے۔ میڈیا کو معلوم ہوا کہ میسی کلب مینیجر کی اجازت کے بغیر ریاض روانہ ہو گئے تھے۔ کلب کی انتظامیہ نے اس سفر کے بعد میسی کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
میسی نے 2021 کے موسم گرما میں بارسلونا سے علیحدگی کے بعد دو سال کے معاہدے پر پی ایس جی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ پی ایس جی کے ساتھ ان کا معاہدہ اس سال ختم ہو جائے گا۔
میسی نے حال ہی میں قطر میں منعقدہ فیفا ورلڈ کپ جیتنے والی ارجنٹائن کی ٹیم کی کپتانی کی تھی۔ انہیں اس ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔