حیدرآباد

شاہ عنایت گنج پولیس اسٹیشن میں راجہ سنگھ کیخلاف کیس درج

راجہ سنگھ پر شہرمیں جمعرات کے روز منعقدہ رام نومی شوبھا یاترا کے دوران اشتعال انگیز تقریر کے ذریعہ پرامن ماحول کو مکدر کرنے کا الزام ہے۔

حیدرآباد: شہر کے شاہ عنایت گنج پولیس اسٹیشن میں گوشہ محل حلقہ کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کے خلاف ایک کیس درج کیا گیا ہے۔ راجہ سنگھ پر شہرمیں جمعرات کے روز منعقدہ رام نومی شوبھا یاترا کے دوران اشتعال انگیز تقریر کے ذریعہ پرامن ماحول کو مکدر کرنے کا الزام ہے۔

سب انسپکٹر شاہ عنایت گنج کی شکایت پر یہ کیس درج کیاگیا۔ اپنی شکایت میں ایس آئی نے دعویٰ کیا کہ جب وہ ڈیوٹی ا نجام دے رہے تھے تب جلوس میں شامل راجہ سنگھ نے پرامن عوامی ماحول کو خراب کرنے کی نیت سے اشتعال انگیز تقریر کی۔

اس شکایت کی بنیاد پر پولیس نے راجہ سنگھ ایم ایل اے کے خلاف آئی پی سی کی دفعات 504 اور 505(2) کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔ دوروز قبل افضل گنج پولیس اسٹیشن میں رام نومی جلوس کے دوران اشتعال انگیز تقریر کرنے پر رکن اسمبلی گوشہ محل کیخلاف ایک کیس درج کیا تھا۔

دریں اثناء بنجارہ ہلز پولیس نے فیصل نامی ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اس پر راجہ سنگھ سے بدتمیزی سے پیش آنے اور انہیں دھمکانے کا الزام ہے۔

فیصل خان جمعہ کے روز بنجارہ ہلز میں دفتر سٹی پولیس کمشنر پہونچا اور ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے بی جے پی کے معطل رکن اسمبلی راجہ سنگھ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا مگر دفتر پولیس کمشنر کے باہر یوٹیوبرس سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل نے رکن ا سمبلی کیخلاف اشتعال انگیز بیان دیا اور انہیں دھمکی دی۔

سب انسپکٹر بنجارہ ہلز کی شکایت پر پولیس نے آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت فیصل کیخلاف کیس درج کرلیا۔