مرکزی حکومت، جمہوری طورپر منتخب حکومتوں کو گرارہی ہے: ٹی آر ایس
ٹی ایس آر ٹی سی کے چیئرمین باجی ریڈی گووردھن نے کہاکہ مرکزی حکومت نے مخالفین کو ہراساں کرنے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ مودی امیت شاہ کی انارکی نے تمام حدود کو پارکردیا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے حکمران جماعت ٹی آرایس نے الزام لگایا ہے کہ مرکزی حکومت جمہوریت کا مذاق اڑا رہی ہے اور جمہوری طور پر منتخب حکومتوں کو گرا رہی ہے۔تلنگانہ کے سرکاری وہپ بلکا سمن، پی یو سی چیئرمین اے جیون ریڈی، ٹی ایس آر ٹی سی چیرمین باجی ریڈی گووردھن نے ٹی آرایس ایل ایل پی دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مودی زیرقیادت مرکزی حکومت پر شدید نکتہ چینی کی۔
ٹی ایس آر ٹی سی کے چیئرمین باجی ریڈی گووردھن نے کہاکہ مرکزی حکومت نے مخالفین کو ہراساں کرنے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ مودی امیت شاہ کی انارکی نے تمام حدود کو پارکردیا ہے۔ وہ دن دورنہیں جب لوگ مودی امیت شاہ کے خلاف بغاوت کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ ٹی آرایس کی رکن کونسل کویتا کو ایک جھوٹے معاملہ میں پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کا کویتا سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پی یو سی چیئرمین اے۔ جیون ریڈی نے کویتا کے مکان پر گذشتہ روز بی جے پی کے کارکنوں کے احتجاج کی مذمت کی۔
برسراقتدار جماعت ٹی آر ایس کویتا کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ سی بی آئی، ای ڈی،آئی ٹی کے محکمے بی جے پی کی کٹھ پتلی بن چکے ہیں۔ بی جے پی مخالفین کو ہراساں کرنے کے لیے ان کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ کویتا پہلے ہی اعلان کر چکی ہیں کہ وہ بی جے پی لیڈروں کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گی اور وہ کسی بھی قسم کی جانچ کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے دعوی کیا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کو ذہنی بحران میں مبتلا کرنے کے لیے بی جے پی لیڈر کویتا پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ وہپ بلکا سمن نے کہا کہ وزیراعلی تلنگانہ ملک کے واحد لیڈر ہیں جو واضح اور براہ راست مرکز سے سوال کرتے ہیں۔چندرشیکھرراو، تمام پلیٹ فارمس پر بی جے پی کی دھوکہ دہی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
چندرشیکھرراو کاسامنا کرنے سے قاصر، بی جے پی کویتا پر بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے۔تلنگانہ تحریک میں بھی چندرشیکھرراو ایسے الزامات کے باوجود وہ فولادی طاقت کے ساتھ کھڑے رہے۔ ٹی آر ایس جھوٹے مقدمات کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گی اور خوفزدہ نہیں ہوگی۔
ٹی آر ایس کسی چیز سے نہیں ڈرتی۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب سندھیا بی جے پی میں شامل ہوئے تو ان کے خلاف جانچ کیوں روک دی گئی۔ کشمیر سے کنیا کماری تک، سی بی آئی اور ای ڈی بی جے پی کے ساتھی بن کر چھاپے مار رہے ہیں۔
تلنگانہ بی جے پی کے لیڈر بنڈی سنجے نے مندر سے پوجا کے بعد واپس ہونے والے امیت شاہ کو چپل پہناکر تلنگانہ کی عزت نفس کو گروی رکھ دیا ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا کانگریس اور بی جے پی عزت نفس کو یرغمال بنا کر تلنگانہ کی ترقی کریں گے؟
انہوں نے سوال کیا کہ بنڈی سنجے نے تلنگانہ کے عوام کو دوسرے درجے کا شہری بنانے کے لیے غلام کی طرح سینڈل امیت شاہ کو پہنایا؟انہوں نے کہا کہ کویتا کے گھر پر بی جے پی کے غنڈوں کے حملے کی وہ مذمت کرتے ہیں۔ بی جے پی کو کل کے واقعہ کے لیے غیر مشروط معافی مانگنی چاہیے۔