کھیل

آئی پی ایل جیسی لیگز سے کھلاڑی زخمی ہورہے ہیں:اظہر

سابق ہندوستانی کپتان محمد اظہر الدین نے ٹورنمنٹ میں ٹیم انڈیا کے امکانات، ہند۔پاک مقابلہ، ویراٹ کوہلی کی خراب فارم اور کھلاڑیوں پر آئی پی ایل کے اثرات وغیرہ سے متعلق اپنی رائے رکھی۔

حیدرآباد: آئی پی ایل کے مصروف شیڈول کے بعد سری لنکا، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، افریقہ، زمبابوے جیسے غیرملکی دوروں کے بعد ہندوستانی ٹیم ایشیا کپ کیلئے تیار ہے۔ ایشیا کپ 27 اگست سے متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

ہندوستانی ٹیم کا پہلا میچ 28 اگست کو روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔ دنیا بھر کے شائقین اس میچ کا انتظار کررہے ہیں۔ اس ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلئے ٹیم انڈیا کا اعلان پہلے ہی کردیا گیاہے۔ ٹیم روہت شرما کی کپتانی اور کے ایل راہول کی نائب کپتانی میں ایک چیلنج پیش کرے گی۔ مجموعی طورپر ٹیم اچھی لگ رہی ہے۔

سابق ہندوستانی کپتان محمد اظہر الدین نے ٹورنمنٹ میں ٹیم انڈیا کے امکانات، ہند۔پاک مقابلہ، ویراٹ کوہلی کی خراب فارم اور کھلاڑیوں پر آئی پی ایل کے اثرات وغیرہ سے متعلق اپنی رائے رکھی۔

اظہر الدین نے کہاکہ روہت کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم متوازن نظر آرہی ہے۔ امید ہے کہ وہ اچھا کریں گے۔ سابق کپتان نے کوہلی کی فارم کے تعلق سے کہاکہ کوہلی یقیناً اس خراب دورے سے بہت جلد گزر جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ویراٹ ایک بہترین بلے باز ہے انہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ اس دور سے انہیں کیسے گزرنا ہے۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ آئی سی سی ٹورنامنٹ سے پہلے آئی پی ایل کا مصروف شیڈول بھی ہندوستانی کھلاڑیوں کی فٹنس کو متاثر کررہا ہے۔ سابق حیدرآباد کھلاڑی نے کہاکہ کھلاڑی بھی انسان ہوتاہے اور زیادہ کھیلنے سے اس کی فٹنس متاثر ہوتی ہے۔ اسی لیے سلیکٹرز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل کچھ کھلاڑیوں کو آرام دینے کا آپشن اپنے پاس رکھا۔ کئی کھلاڑیوں کو موقع بھی دیا۔

سلیکٹرز نے ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت مختلف دوروں پر مختلف کھلاڑیوں کو کپتانی کی ذمہ داری دی۔ دورہ آئرلینڈ ہو، ویسٹ انڈیز یا زمبابوے کا۔ ویسے تو لوگ تنقید کرنے میں آزاد ہیں لیکن میں ذاتی طورپر کھلاڑیوں کو آرام دینے اور ٹیم میں ردوبدل کے حق میں ہوں۔ ہند۔ پاک مقابلہ کے تعلق سے اظہر نے کہاکہ ہندوستانی ٹیم بہت اچھی اور متوازن ٹیم ہے۔ پھر بھی قسمت کی ضرورت ہوگی۔

اس دن جو بھی ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی وہ جیت جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مانیں یا نہ مانیں لیکن ہند۔ پاک میچ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو دباؤ میں ڈال دیتاہے کیونکہ دونوں ممالک کے عوام اپنی ٹیم سے بہتر کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔ ہندوستان کے کامیاب کپتانوں میں سے ایک اظہر الدین نے کہا کہ ٹیم انڈیا کی بیٹنگ آرڈر نیچے تک ہے۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم بھی بابر کی قیادت میں اچھی دکھائی دے رہی ہے۔

ظاہر ہے مجھے امید ہے کہ ہندوستانی ٹیم جیت جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک تجربہ کار کپتان روہت شرما ہے جس کی عمدہ کپتانی نے ممبئی انڈینز کو 5 بار جیتنے میں مدد دی ہے۔ راہول دراویڈ میں ہمارے پاس ایک تجربہ کار کوچ ہے۔ وہ اپنا کام جانتے ہیں۔ وہ میچ وننگ ٹیمیں بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

روہت کی صلاحیتوں سے متعلق اظہر الدین نے کہاکہ وہ آئی پی ایل سے تجربہ لایا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز 4-1 سے جیت کر اپنی کپتانی کی صلاحیت کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہند۔پاک میچ کے حوالے سے دونوں ممالک کے شائقین کے درمیان تناؤ ہے۔

اس تناؤ کے ماحول میں جو ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی وہ جیت جائے گی۔ میں نے بھی ایسے حالات کا تجربہ کیاہے۔ شکست کا خوف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ذہنوں میں ہمیشہ رہتاہے۔

تاہم انہوں نے کہاکہ گذشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف 10 وکٹس سے شکست کے باوجود اس مرتبہ ٹیم انڈیا کو اس مقابلہ کیلئے پسندیدہ موقف حاصل رہے گا۔ سابق عظیم کپتان نے مزید کہاکہ بمراہ کی غیرموجودگی کے باو جود ہندوستانی ٹیم کا بولنگ اٹیک کافی مضبوط ہے۔+

a3w
a3w