حیدرآباد

تلنگانہ  میں دوسرا جمعہ بھی پرامن، مختلف مقامات پر پولیس بدستور چوکس

پرانے شہر بالخصوص چارمینار ا ور دیگر حساس مقامات پر پولیس کا سخت بندوبست دیکھا گیا۔ تاریخی مکہ مسجد، مسجد چوک، اور دیگر مساجد کے قریب پولیس کے مسلح دستے تعینات کئے گئے۔ چارمینار کے پاس ریاپڈاکشن فورس کے جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا۔

حیدرآباد: بی جے پی سے معطل رکن اسمبلی گوشہ محل ٹی راجہ سنگھ کی گرفتاری کے بعد دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں دوسرا جمعہ بھی پرامن رہا۔ دونوں شہروں کی مختلف مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مصلیان، پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

 نماز جمعہ کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی مکہ مسجد میں دیکھا گیا جہاں گذشتہ جمعہ کے بہ نسبت آج مصلیوں کی زائد تعاد دیکھی گئی۔ پرانے شہر بالخصوص چارمینار ا ور دیگر حساس مقامات پر پولیس کا سخت بندوبست دیکھا گیا۔

تاریخی مکہ مسجد، مسجد چوک، اور دیگر مساجد کے قریب پولیس کے مسلح دستے تعینات کئے گئے۔ چارمینار کے پاس ریاپڈاکشن فورس کے جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا۔ڈی سی پی، ایڈیشنل ڈی سی پیت ڈی سی پی ٹاسک فورس گمی چکراوتی اور دیگر عہدیداروں نے پولیس بندوبست کی نگرانی کی۔ سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند کی ہدایت پر شہر کے مختلف زونس میں پولیس کا معقول بندوبست کیا گیا تھا۔

شہر کے گوشہ محل، بیگم بازار، چھتری ناکہ، مغل پورہ، شاہ علی بنڈہ، چندرائن گٹہ، ٹپہ چبوترہ، کاروان، مہدی پٹنم اور دیگر علاقوں میں پولیس کو چوکسی کی حالت میں رکھا گیا۔ حساس مقامات پر پولیس طلایہ گردی میں شدت پیدا کی جاچکی تھی۔

 کل رات سے ہی دونوں شہر کے مختلف حساس علاقوں میں پولیس گشت میں اضافہ کردیا گیا تھا تاکہ امکانی گڑبڑ کو روکا جاسکے۔ راجہ سنگھ کی گرفتاری کے بعد مسلسل دوسرا جمعہ پرامن طور پر گذر گیا۔ کسی بھی مقام سے ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔