دہلی

امریکی سفارت خانہ کے 12 روزہ ویزا پروگرام کا آغاز

ٹویٹر پر شیئر کئے گئے ویڈیو کلپ میں کہا گیا ہے کہ ہزاروں ورکرس اور خاندان جو امریکہ میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے یا کام شروع کرنے سے قاصر تھے (انہیں یہ سہولت حاصل ہوگی)۔

نئی دہلی: امریکی ویزا کی قطار میں لگے ہوئے ہندوستانیوں نے شدید برہمی ظاہر کی ہے کیونکہ نئی دہلی میں قائم امریکی سفارت خانہ نے H اور L ویزوں کے لئے درخواست دینے عوام کی حوصلہ افزائی کے لئے 12 روزہ ویزا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سفارت خانہ کی جانب سے منگل کے روز جاری کئے گئے ایک ویڈیوکلپ میں کہا گیا ہے کہ H اور L ویزا درخواستوں کی تعداد میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس کے لئے انتظار کے وقت کو گھٹادیا گیا ہے۔

ٹویٹر پر شیئر کئے گئے ویڈیو کلپ میں کہا گیا ہے کہ ہزاروں ورکرس اور خاندان جو امریکہ میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے یا کام شروع کرنے سے قاصر تھے (انہیں یہ سہولت حاصل ہوگی)۔

منگل کے روز اس پروگرام کا پہلا دن تھا۔ اس اعلان پر کئی ہندوستانی برہم ہوگئے جو امریکہ کے سفر کے لئے ویزا انٹرویو کا وقت حاصل کرنے میں طویل تاخیر کا سامنا کررہے ہیں۔ ایک مینجمنٹ کنسلٹنٹ گنجن بگلا نے سفارت خانہ کے اعلان کے جواب میں کہا کہ میں 12 دن کے آئیڈیا کو بے حد پسند کرتا ہوں لیکن ان ویزوں پر آپ کو کوئی انعام ملنے والا نہیں ہے۔

اپائنٹمنٹ کا وقت ملنے میں طویل تاخیر کی وجہ سے کتنا سارا کاروبار اور سیاحت رکی ہوئی ہے۔ امریکیوں کے لئے ہندوستانی ویزا حاصل کرنا کتنا آسان ہے جبکہ ہندوستانیوں کے لئے امریکی ویزا حاصل کرنا کتنا دشوار ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان میں فی الحال ویزا اپائنٹمنٹ کے لئے زائداز ایک ہزار دن انتظار کرنا پڑتا ہے۔

وائٹ ہاؤز نے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ انتظامیہ طویل تاخیر سے واقف ہے اور ان ویزا خدمات کے لئے اونچی مانگ سے نمٹنے کام کررہا ہے۔ کاجل اروڑہ نامی خاتون نے برہمی کے عالم میں امریکی سفارت خانہ کو ٹویٹر کے ذریعہ جواب دیا کہ آپ لوگ ہمیں کتنا انتظار کرائیں گے۔

D Q کے لوگوں کو 4-5 مہینہ بعد ان کا انٹرویو لیٹر مل گیا ہے اور ہم گزشتہ 10 ماہ سے اپنے انٹرویو کے منتظر ہیں۔ اس کے باوجود کوئی اندازہ نہیں کہ ہمیں کب انٹرویو کا وقت ملے گا۔ آپ لوگ صرف F1,H,L,B زمروں پر توجہ دیتے ہیں‘ ہمارا کیا ہوگا۔

یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ H اور L زمروں میں H1B اور L1 ویزے غیرتارک ِ وطن ورک ویزا کے لئے انتہائی مقبول ہیں۔ جاریہ سال اکتوبر میں ہندوستان میں قائم امریکی سفارت خانہ نے ورکرس اور ان کے خاندانوں کے لئے H اور L ویزوں کے زائداز ایک لاکھ اپائنٹمنٹ جاری کئے تاکہ انتظار کے وقت کو گھٹایا جاسکے۔

امریکی سفارت خانہ نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ 2022 کے پہلے 9مہینوں میں اس نے زائداز ایک لاکھ 60 ہزار H اور L ویزوں کی پراسیسنگ کی ہے۔

a3w
a3w