انوبرتا مونڈل کی دختر کی رائس مل پر سی بی آئی کا دھاوا
رائس مل کے اندر داخل ہونے پر تحقیقاتی عہدیدار کئی قیمتی گاڑیاں جن میں بیشتر ایس یو وی گاڑیاں تھیں، احاطہ کے اندر پارک کی ہوئی دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے۔
کولکتہ: سی بی آئی نے جمعہ کے روز بولپور میں ایک رائس مل پر دھاوا کیا اور تلاشی لی۔ یہ رائس مل ترنمول کانگریس کے گرفتار شدہ قائد انوبرتا مونڈل کی دختر سکنیا مونڈل کی ملکیت ہے۔
انوبرتا کوکروڑہا روپئے مالیتی مویشی اسمگلنگ اسکام کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ رائس مل کے اندر داخل ہونے پر تحقیقاتی عہدیدار کئی قیمتی گاڑیاں جن میں بیشتر ایس یو وی گاڑیاں تھیں، احاطہ کے اندر پارک کی ہوئی دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے۔
ای ڈی کے عہدیدار یہ پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ آیا یہ گاڑیاں مونڈل اور ان کے ارکانِ خاندان کے نام پر درجِ رجسٹر ہیں۔ سی بی آئی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اندر جملہ 5 گاڑیاں پارک کی ہوئی تھیں اور یہ تمام قیمتی گاڑیاں ہیں۔
ان میں ایک فورڈ انڈیور گاڑی بھی شامل ہے، جس کی قیمت کم از کم 30 لاکھ روپئے ہے۔ انوبرتا مونڈل کو اکثر و بیشتر یہ گاڑی استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ خاص طور پر اس وقت جب وہ کولکتہ سے بولپور آیا کرتے تھے۔
ای ڈی کے ذرائع نے بتایا کہ یہ رائس مل 14 ایکڑ علاقہ پر محیط ہے۔ ریکارڈ کے مطابق اسے 2013ء میں 5 کروڑ روپئے کے عوض سکنیا مونڈل کے نام پر خریدا گیا تھا۔ فی الحال رائس مل میں پیداوار کا عمل بند ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ زمین کافی وسیع و عریض ہے اور اس کی جو قیمت ِ خرید بتائی گئی ہے وہ بے حد کم ہے۔ یہ رقم 5 کروڑ سے زیادہ ہوسکتی ہے۔ ہم اصل مالک کا پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں، جس سے یہ رائس مل خریدی گئی تھی۔
ہم یہ بھی جاننے کی کوشش کریں گے کہ آیا اس نے کسی قسم کے دباؤ کے تحت یہ رائس مل فروخت کی تھی۔ سی بی آئی نے چند دن قبل مونڈل کے قبضہ سے 16.97 کروڑ روپئے کے فکسڈ ڈپازٹ ضبط کیے تھے۔
کچھ رقم ان کی دختر اور قریبی رشتہ داروں کے نام پر بھی تھی۔ سوکنیا مونڈل دو کمپنیوں کے ڈائرکٹرس میں بھی شامل ہیں اور ان کمپنیوں کے خلاف بھی مرکزی ایجنسیاں تحقیقا ت کررہی ہیں۔