مذہب

اگر عورت شوہر کے لیے عطر لگائے؟

عورتیں اپنے شوہروں کے لیے خوشبو استعمال کرسکتی ہیں،اگر شوہر کے علاوہ کوئی اور مجلس کے لیے خوشبو استعمال کرے تو ایسا عطر ہونا چاہئے کہ جس کا رنگ نمایاں اور بو ہلکی ہو ،

سوال:- کیا عورت اپنے شوہر کے لیے خوشبو (عطر ) لگاسکتی ہے ؟( شہاب الدین، کھمم)

جواب:- عورت کے لیے اپنے شوہر کی خاطر زیبائش و آرائش نہ صرف جائز بلکہ مستحب ہے ؛ کیوںکہ یہ بات اس کے شوہر کے دل و نگاہ کو پاک رکھنے میں معاون ہوتی ہے ؛

اس لیے عورتیں اپنے شوہروں کے لیے خوشبو استعمال کرسکتی ہیں،اگر شوہر کے علاوہ کوئی اور مجلس کے لیے خوشبو استعمال کرے تو ایسا عطر ہونا چاہئے کہ جس کا رنگ نمایاں اور بو ہلکی ہو ،

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں کو ایسا ہی عطر استعمال کرنے کی ہدایت فرمائی ہے : طیب النساء ما ظھر لونہ و خفي ریحہ (ترمذی، حدیث نمبر: ۲۷۸۷)

البتہ جیسا کہ مذکور ہوا کہ یہ حکم اس وقت ہے جب گھر سے باہر جانا چاہے ، شوہر کے پاس جانا ہو تو مشہور محدث ملا علی قاری ؒ کے بیان کے مطابق ہر طرح کی خوشبو استعمال کرسکتی ہے : وأما إذا کانت عند زوجھا فلتطیب بما شاء ت (مرقاۃ المفاتیح: ۸؍۲۹۹)