ایران میں سیلاب‘ 21 افراد ہلاک
ایران کے خشک سالی سے متاثرہ جنوبی علاقہ میں اچانک سیلاب کی وجہ کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ بات ٹیلی ویژن کے ذرائع نے آج یہاں بتائی اور کہا کہ جنوبی صوبہ فارس میں سیلاب کا پانی داخل ہوگیا ہے۔
تہران: ایران کے خشک سالی سے متاثرہ جنوبی علاقہ میں اچانک سیلاب کی وجہ کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ بات ٹیلی ویژن کے ذرائع نے آج یہاں بتائی اور کہا کہ جنوبی صوبہ فارس میں سیلاب کا پانی داخل ہوگیا ہے۔
شدید بارش کی وجہ سے دریاؤں اور ذخائر آب کی سطح میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ یہ بات شہر کے گورنر یوسف کاریگار نے بتائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچاؤ ٹیمیں سرگرم ہیں، جنہوں نے 55 افراد کو بچالیا جو کہ سیلاب کے پانی میں پھنس گئے تھے لیکن تاحال کم از کم 6 افراد لاپتہ ہیں۔
ایران کے محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔ خصوصاًایسے علاقوں میں جو کہ خشک سالی سے عرصہ دراز سے متاثر ہیں۔ شہر کے گورنر نے بتایا کہ دریاؤں کے قرب و جوار میں رہنے والوں کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ذخائر آب اور دریاؤں کے قریب عمارتیں تعمیر کئے جانے کی وجہ پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ مارچ 2018ء میں آئے اچانک سیلاب کی وجہ 44 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ آئی اے این ایس کے بموجب راحت رسانی اور بچاؤ کا کام کرنے والے عہدیداروں نے بتایا کہ ایران میں شدید بارش کے بعد سیلاب آگیا ہے۔
ایران کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے صدر مہدی والیپور نے بتایا کہ لاپتہ افراد کی تلاش تک بچاؤ اقدامات جاری رہیں گے۔ یہ بات خبر رساں ژنہوا نے بتائی۔ اِس دوران گورنر یوسف نے بتایا کہ 13 لاشوں کی شناحت کرلی گئی ہے۔ گورنر نے بارش اور سیلاب کے تعلق سے خاطر خواہ طور پر انتباہ نہ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔