تلنگانہ

برسراقتدار آنے پر دھرانی پورٹل کوسمندر میں پھینک دیاجائے گا: ریونت ریڈی

تلنگانہ کانگریس کی جانب سے آج ریاست کے تمام ضلع کلکٹریٹس کے روبرواحتجاجی دھرنا منظم کیا اورحکومت کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے ٹی آرایس کومخالف کسان پارٹی قرار دیا۔

حیدرآباد: کسانوں کے مسائل حل کرنے میں حکومت کی ناکامی کے خلاف اور دھرانی پورٹل کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تلنگانہ کانگریس کی جانب سے آج ریاست کے تمام ضلع کلکٹریٹس کے روبرواحتجاجی دھرنا منظم کیا اورحکومت کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے ٹی آرایس کومخالف کسان پارٹی قرار دیا۔

وقار آباد ضلع کلکٹریٹ کے روبرو صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی‘ سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ‘ جوگولامباگدوال کلکٹریٹس کے روبرو سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار‘ محبوب نگر کلکٹریٹ کے روبرو نائب صدر ملوروی‘صدرضلع کانگریس عبید اللہ کوتوال‘ کاماریڈی کلکٹریٹ کے روبرو سابق وزیر محمدعلی شبیر نے ہزارو کارکنوں کے ہمراہ دھرنا منظم کیا۔ ضلع گدوال کلکٹریٹ کے روبرو پولیس نے کانگریس قائدسمپت کمار اور دیگر کو اسی وقت گرفتار کرلیا جبکہ وہ احتجاجی کارکنوں کے ہمراہ کلکٹریٹ میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔

پولیس اور کارکنوں کے درمیان زبردست مزاحمت دیکھی گئی۔ وقار آباد ضلع کلکٹر یٹ کے روبرو ہزاروں احتجاجی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے ریاستی حکومت پر کسانوں کے مسائل حل کرنے اورکسانوں کے قرض کی معافی میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کسانوں کے مالکانہ حقوق چھین کر انہیں کھیت مزدور بنانے کی منظم سازش کررہی ہے۔

اس کے لئے دھرانی پورٹل کو متعارف کرایاگیا۔اس پورٹل میں لاکھوں کسانوں کے مالکانہ حقوق کاریکارڈ موجود نہیں ہے۔ حکومت زرعی شعبہ کو کارپوریٹ شعبہ کے حوالے کرناچاہتی ہے۔ حکومت کسانوں کو ان کے نقصانات کا معاوضہ دینے اور فصل انشورنس کی اجرائی میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے۔ چیف منسٹرکے سی آرپریشان حال کسانوں کی موت کا انتظار کررہے ہیں۔

ریونت ریڈی نے کہاکہ بی جے پی اور ٹی آرایس حکومتیں جو8سال سے ایک دوسرے کے دوست تھیں‘ آج ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی اور حملے کرتے ہوئے ڈرامہ بازی کررہی ہیں۔ انہوں نے ریاستی وزیر زراعت کے بیان کاحوالہ دیا جس میں وزیر کا کہناہے کہ 8سال کے دوران 80 ہزار کسانوں کوانشورنس دیاگیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت 80ہزار کسانوں کی اموات کا اعتراف کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کے سی آر کسانوں کودھوکہ دے کر تیسری بار ریاست کے وزیر اعلی نہیں بن سکتے۔ اس کے برعکس مودی تلنگانہ پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ آئندہ کانگریس کا اقتدار میں آنا یقینی ہے۔ اگرسب کے لئے انصاف کرناہے تو کانگریس کواقتدار میں آنا ہوگا۔ الیکشن کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں۔ کانگریس برسراقتدار آنے پر دھرانی پورٹل کو خلیج بنگال میں ڈال دیاگیا۔