بس کھائی میں گرپڑی‘ آئی ٹی بی پی کے 7 جوان ہلاک
بس میں آئی ٹی بی پی کے 37 جوان سوار تھے اور وہ چندن واڑی سے پولیس کنٹرول روم سری نگر آرہی تھی۔ 2 جوان برسرموقع ہلاک ہوئے جبکہ دیگر 5 نے بعد میں دم توڑا۔ 8 جوانوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جنہیں خصوصی علاج کے لئے سری نگر لے جایا گیا ہے۔

سری نگر: جموں وکشمیر کے پہلگام علاقہ میں انڈوتبتن بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے 7جوان اس وقت ہلاک اور دیگر 32 زخمی ہوگئے جب ان کی بس جس میں وہ امرناتھ یاترا ڈیوٹی سے واپس ہورہے تھے‘ ایک گہری کھائی میں گرپڑی۔ ایک پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی۔
بس میں آئی ٹی بی پی کے 37 جوان سوار تھے اور وہ چندن واڑی سے پولیس کنٹرول روم سری نگر آرہی تھی۔ 2 جوان برسرموقع ہلاک ہوئے جبکہ دیگر 5 نے بعد میں دم توڑا۔ 8 جوانوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جنہیں خصوصی علاج کے لئے سری نگر لے جایا گیا ہے۔ مابقی زخمیوں کا علاج اننت ناگ ضلع ہاسپٹل میں چل رہا ہے۔
صدرجمہوریہ‘ نائب صدرجمہوریہ‘ لیفٹیننٹ گورنر کے علاوہ نیشنل کانفرنس قائد عمر عبداللہ‘سابق صدر کانگریس راہول گاندھی اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آئی ٹی بی پی کے بہادر جوانوں کے غمزدہ خاندانوں سے اظہار ِ تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔