تلنگانہ

بنڈی سنجے کی چوتھے مرحلہ کی یاترا کا12ستمبر سے آغاز

ٹی آرایس حکومت پر دباؤبنائے رکھنے کے مقصد کے پیش نظرتلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کمار‘پرجاسنگرام یاترا کا چوتھامرحلہ آئندہ ہفتہ سے شروع کریں گے۔

حیدرآباد: ٹی آر ایس حکومت پر دباؤبنائے رکھنے کے مقصد کے پیش نظر تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کمار‘ پرجا سنگرام یاترا کا چوتھامرحلہ آئندہ ہفتہ سے شروع کریں گے۔

بنڈی سنجے 12 ستمبر سے شہر حیدرآبادکے قریبی علاقہ قطب اللہ پور سے اپنی یاتراکاچوتھامرحلہ شروع کریں گے اوریاتراکایہ مرحلہ 22 ستمبر کو پداعنبرپیٹ ابراہیم پٹنم پرختم ہوگا۔

10 روزہ طویل یہ یاترا‘ریاست کے صدر مقام حیدرآباد کے اطراف کے 9اسمبلی حلقہ جات میں 115.3 کیلو میٹر کی مسافت طئے کرے گی۔

پارٹی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق بنڈی سنجے 17ستمبر کواپنی یاترا روک دیں گے اور وہ 17 ستمبر کو سکندرآباد کے پریڈگراؤنڈپر منعقدشدنی حیدرآباد لبریشن ڈے پروگرام میں شرکت کریں گے۔ اس پروگرام میں شیڈول کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ شرکت کریں گے۔

چوتھے مرحلہ کی یاتراکے دوران بنڈی سنجے جو کریم نگر کے ایم پی بھی ہیں‘ قطب اللہ پور‘ سیری لنگم پلی‘کوکٹ پلی‘ سکندرآبادکنٹونمنٹ‘ ملکاجگری‘اپل اورایل بی نگر اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کریں گے۔

ان کی تیسری مرحلہ کی یاترا 27 اگست کوہنمکنڈہ میں ایک جلسہ عام پر ختم ہوئی تھی۔ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل تمام حلقوں کا احاطہ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔