بھوپیندر پٹیل کی ہفتہ کو بحیثیت ِ چیف منسٹر گجرات نامزدگی، پیر کوحلف برداری
بھوپیندر پٹیل جنہوں نے کل انتخابی جیت کے بعدرسمی طور پر استعفیٰ دے دیا تھا، انہیں ہفتہ کے روز بی جے پی ارکانِ اسمبلی کے اجلاس میں دوبارہ نامزد کیا جائے گا اور پیر کے روز ان کی حلف برداری تقریب منعقد ہوگی۔

احمد آباد: چیف منسٹر گجرات بھوپیندر پٹیل جنہوں نے کل انتخابی جیت کے بعدرسمی طور پر استعفیٰ دے دیا تھا، انہیں ہفتہ کے روز بی جے پی ارکانِ اسمبلی کے اجلاس میں دوبارہ نامزد کیا جائے گا اور پیر کے روز ان کی حلف برداری تقریب منعقد ہوگی۔ پارٹی نے یہ بات بتائی۔
بھوپیندر پٹیل نے جمعہ کے روز اپنی ساری کابینہ کے ساتھ استعفیٰ دے دیا تھا تاکہ ریاست میں نئی حکومت کی تشکیل کی راہ ہموار کی جاسکے۔ بی جے پی نے کل ریاستی اسمبلی انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی تھی اور 182 رکنی اسمبلی میں ریکارڈ 156 نشستیں حاصل کی تھیں۔
بھوپیندر پٹیل کے ساتھ گجرات بی جے پی یونٹ کے صدر سی آر پاٹل اور پارٹی کے چیف وہپ پنکج دیسائی نے اپنا استعفیٰ گاندھی نگر میں راج بھون پر گورنر آچاریہ دیورت کے حوالے کیا تھا۔ یہ محض ایک رسم تھی، کیوں کہ پارٹی پہلے ہی یہ اعلان کرچکی ہے کہ بھوپیندر پٹیل ہی ریاست کے آئندہ چیف منسٹر ہوں گے۔