مہاراشٹرا

مہاراشٹرا میں بھی "لو جہاد” قانون تشکیل دیا جائے گا

حکومت مہاراشٹر کے ذرائع نے کہا ہے کہ ریاست میں بھی یو پی اور دیگر ریاستوں کے طرز پر "لو جہاد" قانون تشکیل دیا جائے گا

ممبئی: حکومت مہاراشٹر کے ذرائع نے کہا ہے کہ ریاست میں بھی یو پی اور دیگر ریاستوں کے طرز پر "لو جہاد” قانون تشکیل دیا جائے گا لیکن ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر فڑنویس نے جمعہ کو کہا کہ ریاستی حکومت نے ابھی تک "لو جہاد” قانون پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے مگر وہ اس ضمن میں دیگر ریاستوں کے قوانین کا مطالعہ کریں گی۔

دہلی میں قتل کی گئی مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والی شردھا وارکر کے والد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فڑنویس نے کہا کہ یوپی، مدھیہ پردیش اور دیگر ریاستوں نے اس تعلق سے جو قانون بنایا ہے اس کا ریاستی قانونی ماہرین کے مطالعے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

محکمہ داخلہ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وہ ”لو جہاد“ کے خلاف قانون لانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور اس معاملے کے لیے انتظامی عمل ابھی شروع ہونا باقی ہے۔

قبل ازیں یہ اطلاع ملی تھی کہ بی جے پی پہلے ہی ریاست میں تبدیل مذہب مخالف قانون کی بنیادوں پر غور کر رہی ہے اور پارٹی لیڈروں نے ”لو جہاد“ کے معاملے کے لیے سخت قوانین کا مطالبہ کیا ہے۔