تلنگانہ
تلنگانہ کے کئی اضلاع میں شدید سردی کی لہر کا انتباہ، پٹن چیرو میں درجہ حرارت 6.4 ڈگری درج
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آئندہ24 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے کئی اضلاع بشمول عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل، سنگاریڈی، میدک اور کاماریڈی کے بعض علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہے گی۔
حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آئندہ24 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے کئی اضلاع بشمول عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل، سنگاریڈی، میدک اور کاماریڈی کے بعض علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہے گی۔
روزانہ کی موسمی رپورٹ کے مطابق ریاست کے مختلف حصوں میں آئندہ دو دنوں تک اقل ترین درجہ حرارت معمول سے 3 سے 4 ڈگری سیلسیس کم رہنے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ محکمہ نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ سات دنوں تک ریاست میں موسم خشک رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سنگاریڈی ضلع کے کچھ علاقوں میں پہلے ہی سردی کی لہر دیکھی گئی ہے۔ اتوار اور پیر کی درمیانی رات ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت رنگاریڈی ضلع کے پٹن چیرو میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں درجہ حرارت6.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔