بھارت

آپ کتنا سونا گھر میں رکھ سکتے ہیں؟ جانئے ٹیکس اور قواعد کی تفصیلات

قوانین میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران سرکاری اہلکار کسی گھر سے سونا یا سونے کے زیورات ضبط نہیں کر سکتے بشرطیکہ ان کی مقدار مقررہ حد کے اندر ہو۔

نئی دہلی: سونا ایک قیمتی دھات ہے جس کی قیمت وقت کے ساتھ بڑھتی رہتی ہے۔ ہندوستان میں تہواروں کے دوران سونا خریدنے کی روایت ہے اور کئی لوگ اسے نیک شگون بھی سمجھتے ہیں۔ زیورات سے لے کر سکے تک، ہم میں سے بہت سے لوگ اپنے گھروں میں سونا رکھنا پسند کرتے ہیں۔

تاہم سونا خریدنے اور اسے حفاظت سے رکھنے کے جتن کرنے کے علاوہ اس سلسلہ میں سرکاری قوانین کیا کہتے ہیں، انہیں جاننا بھی آپ کے لئے ضروری ہے۔

سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسز (سی بی ڈی ٹی) کے مطابق، اگر کسی فرد نے معلوم آمدنی یا مستثنیٰ آمدنی جیسے زرعی آمدنی کے ذریعہ سونا خریدا ہے یا گھریلو بچت سے خریدا ہے یا قانونی طور پر سونا وراثت میں ملا ہے جو وضاحت شدہ ذرائع سے حاصل ہوا ہے، تو اس پر کسی بھی صورت میں کوئی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔

قوانین میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران سرکاری اہلکار کسی گھر سے سونا یا سونے کے زیورات ضبط نہیں کر سکتے بشرطیکہ ان کی مقدار مقررہ حد کے اندر ہو۔

ہندوستانی قوانین کے مطابق ایک شادی شدہ عورت 500 گرام تک سونا رکھ سکتی ہے جبکہ غیر شادی شدہ عورت 250 گرام سونا رکھ سکتی ہے اور خاندان کے مرد افراد کے لئے یہ حد 100 گرام ہے۔

قواعد مزید کہتے ہیں کہ کسی بھی حد تک زیورات کی جائز ہولڈنگ مکمل طور پر محفوظ ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سونا ذخیرہ کرنے کی کوئی حد نہیں ہے جب تک کہ اسے آمدنی کے واضح اور معلوم ذرائع سے خریدا گیا ہو۔

اب یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ سونا رکھنے پر ٹیکس نہیں لگ سکتا، لیکن جب آپ اسے فروخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہاں ٹیکس قواعد لاگو ہوں گے۔

اگر آپ سونا تین سال یا اس سے زائد عرصہ تک اپنے پاس رکھنے کے بعد فروخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی لانگ ٹرم کیپٹل گینز ٹیکس کے ساتھ مشروط ہوگی، جو کہ انڈیکسیشن فائدہ کے ساتھ 20 فیصد ہے۔

دوسری طرف، اگر آپ سونا خریدنے کے اندرون تین سال اسے بیچ دیتے ہیں تو فائدہ آپ کی آمدنی میں شامل ہو جاتا ہے اور ٹیکس سلاب کے مطابق اس پر ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔

خودمختار گولڈ بانڈز فروخت کرنے کی صورت میں، حاصل شدہ رقم کو آپ کی آمدنی میں شامل کیا جائے گا اور پھر مقررہ ٹیکس سلاب کے مطابق اس پر ٹیکس لگایا جائے گا۔

جب یہ بانڈس تین سال تک رکھنے کے بعد فروخت کئے جاتے ہیں تو انڈیکسیشن کے ساتھ 20 فیصد اور انڈیکسیشن کے بغیر 10 فیصد کی شرح سے منافع پر ٹیکس لاگو ہوگا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگر بانڈ کو میچورٹی تک رکھا جاتا ہے تو منافع پر کوئی ٹیکس لاگو نہیں ہوتا۔