جئے شنکر بھوپال پلی میں شیر کی موجودگی سے سنسنی
محکمہ جنگلات کے عہدیدار وہاں پہنچے اور شیر کے پنجوں کے نشانات کا معائنہ کیا جو قریبی کھیت میں پائے گئے۔محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ یہ پنجوں کے نشان شیر کے ہی ہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے جئے شنکربھوپال پلی ضلع میں شیرکی موجودگی سے مقامی افراد میں سنسنی پھیل گئی۔بعض افراد نے رات میں اس جنگلی جانورکی نقل وحرکت کو اپنے سل فون کے کیمرہ کے ذریعہ قید کیا اور اس بات کی اطلاع محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو دی۔
بعد ازاں محکمہ جنگلات کے عہدیدار وہاں پہنچے اور شیر کے پنجوں کے نشانات کا معائنہ کیا جو قریبی کھیت میں پائے گئے۔محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ یہ پنجوں کے نشان شیر کے ہی ہیں۔انہوں نے مقامی افراد سے خواہش کی کہ وہ چوکس رہیں اورکسی بھی صورت میں جنگل کے اندرنہ جائیں۔
اس واقعہ کے ساتھ ہی ضلع کے پالی میلامنڈل کے کستاپورجنگلاتی علاقہ میں رہنے والوں میں خوف پایاجاتا ہے جو راتوں کو اپنے گھروں سے نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔ان مقامی افرادنے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں سے خواہش کی ہے کہ اس شیر کو پکڑنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ وہ راحت کی سانس لے سکیں۔