صحت

جاریہ تعلیمی سال سے 8 نئے میڈیکل کالجس کارکرد:ہریش راؤ

ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤنے کہاکہ جاریہ تعلیمی سال سے تلنگانہ میں 8نئے میڈیکل کالجس کارکردہوں گے جس سے ریاست میں 1200 میڈیکل سیٹس میں اضافہ ہوگا۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤنے کہاکہ جاریہ تعلیمی سال سے تلنگانہ میں 8نئے میڈیکل کالجس کارکردہوں گے جس سے ریاست میں 1200 میڈیکل سیٹس میں اضافہ ہوگا۔

ایک سال میں 1200 میڈیکل سیٹس کااضافہ ہونا بڑی کامیابی ہے اور ملک کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہورہاہے کہ کسی ریاست میں ایک تعلیمی سال کے دوران اتنی زیادہ نشستوں میں اضافہ ہواہے۔

آج یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ متحدہ ریاست اے پی کے دورمیں 2004 سے 2014 تک گاندھی میڈیکل کالج کے سیٹس میں اضافہ کے لئے کئی بار نمائندگی کی گئی تھی۔

ہریش راؤ نے کہاکہ اُس وقت ہمارا احساس تھا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد ہی ہمارے ساتھ انصاف ہوگا۔نئے میڈیکل کالجس کاقیام عمل میں لایا جاسکے گا۔

وزیر صحت نے کہاکہ متحدہ ریاست میں عثمانیہ‘گاندھی اورکاکتیہ میڈیکل کالجس ہی تھے۔ 70 سالوں میں صرف عادل آباد‘نظام آباد اور ورنگل کے لئے میڈیکل کالجس منظور کئے گئے جبکہ قیام تلنگانہ کے بعد7 سالوں کے مختصر سے عرصہ کے دوران ریاست میں 17 میڈیکل کالجس قائم کئے گئے۔

جاریہ تعلیمی سال سے مزید8 کالجس میں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی۔ہرمیڈیکل کالج کے لئے 510 کروڑ روپے منظور کئے اس طرح8 کالجس کی تعمیرپر 4080 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

ہریش راؤنے عوام کی طرف سے چیف منسٹرکاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کونئے میڈیکل کالجس کی منظوری کے لئے ایم سی آئی سے کامیاب نمائندگی کے لئے سکریٹری محکمہ صحت سیدعلی مرتضی رضوی کا کردار بھی اہم رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ تشکیل تلنگانہ کے وقت ریاست کے سرکاری میڈیکل کالجس میں میڈیکل سیٹس کی تعداد صرف850 تھی جو آج بڑھ کر 2901 ہوگئی ہے۔

صرف 8سالوں میں 33 فیصد کی شرح ترقی ہوئی ہے یہ ایک تاریخی کامیابی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے زمرہ بی کی سیٹس میں 85 فیصد تلنگانہ کے طلباء کوداخلہ دینے کافیصلہ کیا۔ اس فیصلہ کی وجہ سے تلنگانہ کے طلباء کو 1067 اضافی سیٹس حاصل ہوں گی۔