جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں درجنوں افراد ہلاک
حماس کی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ایک روز قبل ہی اسی علاقے میں اسرائیلی بمباری میں کم از کم 50 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

یروشلم: حماس کی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ایک روز قبل ہی اسی علاقے میں اسرائیلی بمباری میں کم از کم 50 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
ایجنسی فرانس پریس کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس جگہ کو شدید نقصان پہنچا۔ سول ڈیفنس کے ارکان نے تصدیق کی ہے کہ اس جگہ سے ایک پورے خاندان کی نعشیں نکالی گئی ہیں۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے بحیرہ احمر کے اوپر سے یمن سے ایلات کی طرف داغے گئے 4 ڈرونز اور ایک میزائل کو مار گرایا۔
اقوام متحدہ نے بدھ کے روز ان اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی جس میں غزہ کی پٹی میں جبالیہ کیمپ کو نشانہ بنایا گیا، اس حملے میں درجنوں فلسطینی مارے گئے۔ اس حملے کے متعلق اسرائیل نے کہا کہ حماس کے رہنما کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتھس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ غزہ کے لوگوں پر ڈھائے جانے والے تازہ ترین مظالم میں سے ایک کاروائی ہے۔ لڑائی ایک مزید ہولناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ جس کے بڑھتے ہوئے ہولناک انسانی نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے دنیا جنگ کو ختم کرنے سے قاصر ہے اور جنگ بندی کرانے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ 7 اکتوبر کو مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے آغاز کے بعد سے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 3.6 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزارت کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا کہ سات اکتوبر کو غزہ کی پٹی پر جنگ کے آغاز سے اب تک 8796 فلسطینی افراد جاں بحق ہو چکے جن میں 3648 بچے اور 2290 خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا اور وہ 22219 ہوگئی ہے۔