حکومت شاندار کامیابی کو معمولی بنانے کی کوشش کررہی ہے: سونیا گاندھی
سونیا گاندھی نے کہا کہ بصیرت کے حامل عظیم لیڈروں نے ملک کو آگے لے جانے کے لیے آزادی کے بعد اہم کام شروع کیے، لیکن مودی حکومت ان کوششوں کو غلط انداز میں پیش کرکے تاریخی کامیابیوں کو معمولی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پیر کو ہم وطنوں کو 76 ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت تاریخی حقائق کے بارے میں غلط بیانی کرکے ملک کی شاندار کامیابیوں کو معمولی ثابت کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔
گاندھی نے کہا کہ بصیرت کے حامل عظیم لیڈروں نے ملک کو آگے لے جانے کے لیے آزادی کے بعد اہم کام شروع کیے، لیکن مودی حکومت ان کوششوں کو غلط انداز میں پیش کرکے تاریخی کامیابیوں کو معمولی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں میں ملک نے اپنے باصلاحیت افراد کی محنت سے سائنس، تعلیم، صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبوں میں بین الاقوامی سطح پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ ہندوستان نے اپنے دور اندیش لیڈروں کی قیادت میں ایک طرف جہاں آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابی نظام قائم کیا وہیں جمہوریت اور آئینی اداروں کو مضبوط بنایا ۔
اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے زبان-مذہب-فرقہ کے تکثیری امتحان پر پورا اترنے والے ایک سرکردہ ملک کے طور پر اپنی قابل فخر شناخت بنائی ہے ۔ گاندھی نے کہا، “ہم نے گزشتہ 75 سالوں میں کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں، لیکن آج کی مطمعن حکومت ہمارے مجاہد آزادی کی عظیم قربانیوں اور ملک کی شاندار کامیابیوں کو معمولی قرار دینے پر تلی ہوئی ہے، جسے کبھی بھی قبول نہیں کیا جا سکتا۔
انڈین نیشنل کانگریس سیاسی فائدے کے لیے تاریخی حقائق پر کسی بھی غلط بیانی اور گاندھی-نہرو-پٹیل-آزاد جی جیسے عظیم قومی لیڈروں کو جھوٹ کی بنیاد پر کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ہر کوشش کی سختی سے مخالفت کرے گی۔