رچہ کنڈا کے دوپولیس ملازمین معطل، ضبط شدہ رقم میں تصرف کاالزام
رچہ کنڈاپولیس کمشنر ترون جوشی نے دو پولیس ملازمین کو خدمات سے معطل کردیا۔ان دونوں پر حالیہ منعقدہ لوک سبھا الیکشن کے دوران ضبط کردہ رقم میں تصرف وتغلب کا الزام ہے۔
حیدرآباد: رچہ کنڈاپولیس کمشنر ترون جوشی نے دو پولیس ملازمین کو خدمات سے معطل کردیا۔ان دونوں پر حالیہ منعقدہ لوک سبھا الیکشن کے دوران ضبط کردہ رقم میں تصرف وتغلب کا الزام ہے۔
ان دوملازمین میں ہیڈکانسٹبل سائی کمار اور کانسٹبل کارتک شامل ہیں۔ یہ دونوں رچہ کنڈا آرمڈریزر سے وابستہ تھے۔
ان دونوں نے میڈی پلی منڈل کے موضع کریم گوڑہ میں دوافراد کرشنا اور سریکانت کو روکا اور ان سے 25 لاکھ روپے ضبط کئے مگر ان پولیس ملازمین نے ریکارڈ میں صرف 19 لاکھ روپے ضبطی بتائی
مابقی رقم دونوں نے آپس میں بانٹ لی۔ سریکانت نامی شخص نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے اس واقعہ کے بارے میں شکایت کی جس کی انکوائری کرائی گئی انکوائری کے بعد پولیس کمشنر جوشی نے ہیڈکانسٹبل اورکانسٹبل کو خدمات سے معطل کردیا۔
دریں اثناء ان دو پولیس ملازمین کے ایک دوست رنجیت جس نے نقدرقم کی منتقلی کی اطلاع انہیں دی تھی‘ دوروز قبل اپنے گھر میں خودکشی کرلی۔
افراد خاندان نے پولیس کوبتایا کہ اس کیس میں پیش رفت پر رنجیت پریشان تھا اور ہوسکتا ہے کہ اس معاملہ میں اُس نے خودکشی کرلی ہو۔ پولیس عہدیدار ان دومعطل ملازمین کے خلاف مزید تحقیقات کررہے ہیں کہ کہیں وہ اس طرح کے مزید واقعات میں وہ ملوث تونہیں ہیں۔