حیدرآباد

سرکاری اساتذہ کے اسمبلی کے محاصرہ کی کوشش۔ کئی ٹیچرس گرفتار

ریاست کے سرکاری اساتذہ نے حکومت سے جی او317 کا دوبارہ جائزہ لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیر کے روز ریاستی اسمبلی کے محاصرہ کی کوشش کی۔

حیدرآباد: ریاست کے سرکاری اساتذہ نے حکومت سے جی او317 کا دوبارہ جائزہ لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیر کے روز ریاستی اسمبلی کے محاصرہ کی کوشش کی۔

ان احتجاجی اساتذہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیناریٹی کے بجائے پیدائش مقام کی اساس پر پوسٹنگ دے۔ جی او 317کی وجہ سے خاندانوں کے منقسم ہوجانے سے حالات خراب ہوگئے ہیں۔ اس موقع پرپولیس نے مداخلت کرتے ہوئے احتجاجی سرکاری اساتذہ کوحراست میں لے لیا۔

اساتذہ نے کہاکہ وہ چیف منسٹرسے نمائندگی کے لئے جارہے تھے۔ ہم جی او317 کی خامیوں اوراس سے درپیش ہمارے مسائل سے چیف منسٹرکوواقف کراناچاہتے تھے مگر پولیس نے غیر قانونی طورپرہمیں گرفتار کرلیا۔

دریں اثنا وی آراوز نے بنجارہ ہلز میں منسٹریل کوارٹرس کے محاصرہ کی کوشش کی مگر پولیس نے طاقت کے ذریعہ ان کی اس کوشش کو ناکام بنادیا۔اس دوران وی آر اوز اور پولیس عہدیداروں کے درمیان بحث وتکرار ہوئی۔

انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے پے اسکیل پرنظرثانی کریں۔ انہوں نے کہاکہ ذہنی پریشانیوں کے شکار 36 پریشان حال وی آراوز نے خودکشی کرلی۔پولیس نے گرفتار وی آراوزکوپولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ وی آراوز اورٹیچرس کے اسمبلی محاصرہ کرنے کی اطلاعات کے بعدپولیس نے چوکسی اختیار کرلی تھی۔