سینئر شہریوں کو ٹرین ٹکٹوں میں رعایت سے محروم کرنا ٹھیک نہیں: ورون گاندھی
ورون گاندھی نے پوچھا کہ عمررسیدہ لوگوں کو دی جانے والی اس راحت کو ”بوجھ“ کے طورپر دیکھا جارہا ہے جبکہ ارکان پارلیمنٹ کو ریل کرایوں میں سبسیڈی بدستور جاری ہے۔
نئی دہلی: بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے ٹرین ٹکٹوں میں بزرگ شہریوں کو رعایت واپس لینے کے حکومت کے فیصلہ پر جمعہ کے دن سوال اٹھایا۔ انہوں نے پوچھا کہ عمررسیدہ لوگوں کو دی جانے والی اس راحت کو ”بوجھ“ کے طورپر دیکھا جارہا ہے جبکہ ارکان پارلیمنٹ کو ریل کرایوں میں سبسیڈی بدستور جاری ہے۔
ٹرینوں میں سبھی درجوں میں 58 سال سے اوپر کی عورتوں کو 50 فیصد اور 60 سے زائد عمر کے مردوں کو 40 فیصد ڈسکاؤنٹ ملتا تھا۔ خواجہ سراؤں کو بھی 40 فیصد چھوٹ ملتی تھی۔ انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں فنی خرابی کی وجہ سے آئے دن پروازوں کی ایمرجنسی لینڈنگ پر تشویش ظاہر کی۔
یہ ایسے وقت ہورہا ہے جب اندرون ملک فضائی کرایہ لگ بھگ دُگنا ہوچکا ہے۔ انہوں نے نظامت ِ شہری ہوابازی (ڈی جی سی اے) سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور پوچھا کہ آیا وہ کسی ”بڑے حادثہ“ کے انتظار میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2ماہ میں 17 پروازوں کا متاثر ہونا انتہائی پریشان کن ہے۔