طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست، ہندوستان 87 ویں نمبر پر
فہرست میں ہندوستان کا پاسپورٹ 87ویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا جو صومالیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر 94 ویں نمبر پر موجود ہے۔
ابوظبی: دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا نام سرفہرست ہے، یو اے ای کے شہری بغیر ویزے کے اب 180 ممالک میں سفر کرسکیں گے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آرٹن کیپیٹل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دنیا کو عالمی وبا کے اثرات کا سامنا ہے لیکن عالمی سطح پر سفر کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور سیاحت کے شوقین افراد کے لیے سفر کرنا نہایت آسان ہوگیا ہے۔
یو اے ای کا پاسپورٹ سرفہرست رہا، بلیو پاسپورٹ کے حامل شہری اب مزید یورپی ممالک کا سفر بغیر ویزے کے کرسکیں گے جن میں جرمنی، سوئیڈن، جاپان اور نو دیگر ممالک شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، جرمنی، سوئیڈن، فن لینڈ، لکسمبرگ، اسپین، فرانس، اٹلی، نیدرلینڈز اور آسٹریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور ان ممالک کے شہریوں کو 173 ممالک میں جانے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں۔
ڈنمارک، بیلجیئم، پرتگال، ناروے، پولینڈ، آئرلینڈ، امریکہ اور نیوزی لینڈ کے پاسپورٹس کے حصے میں تیسرا نمبر آیا جن کے حامل افراد 172 ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کرسکتے ہیں۔چیک ریپبلک، یونان، جاپان، برطانیہ، آسٹریلیا اور ہنگری کے پاسپورٹس پر 171 ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کرنا ممکن ہے اور یہ فہرست میں مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں۔
5 واں نمبر مشترکہ طور پرسنگاپور، لتھوانیا، سلواکیہ، کینیڈا اور مالٹا کے نام رہا جن کے شہری 170 ممالک میں پاسپورٹ دکھا کر ویزے کے بغیر داخل ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب فہرست میں ہندوستان کا پاسپورٹ 87ویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا جو صومالیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر 94 ویں نمبر پر موجود ہے۔
سبز پاسپورٹ کے حامل شہری 44 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کرسکتے ہیں۔فہرست میں ایران 90، شمالی کوریا، لیبیا اور فلسطین 91ویں، بنگلہ دیش 92، یمن 93 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ عراق، شام، افغانستان، بالترتیب 95، 96 اور 97 نمبر پر موجود ہیں۔