عازمین حج کیلئے وی آئی پی کوٹہ ختم کرنے پر غور
ہندوستانی حکام عازمین حج کیلئے وی آئی پی کوٹہ ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہر سال کم از کم دیڑھ لاکھ ہندوستانی مسلمان حج کیلئے روانہ ہوتے ہیں جو اسلام کاایک اہم رکن ہے۔
نئی دہلی: ہندوستانی حکام عازمین حج کیلئے وی آئی پی کوٹہ ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہر سال کم از کم دیڑھ لاکھ ہندوستانی مسلمان حج کیلئے روانہ ہوتے ہیں جو اسلام کاایک اہم رکن ہے۔
بعض لوگ اپنی باری آنے کیلئے برسوں انتظارکرتے ہیں جبکہ اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کیلئے ہرسال500 نشستیں مختص کی جاتی ہیں۔اب حج کمیٹی آف انڈیا اس طریقہ کارکوختم کرنے پر غورکررہی ہے۔
کمیٹی کی نائب صدرنشین ایس منوری بیگم نے بتایاکہ ہم نے وی آئی پی کوٹہ کوختم کرنے کا فیصلہ کیاہے لیکن ابھی تک اسے نافذ نہیں کیاگیاہے۔ اس مسئلہ پر ابھی تک اتفاق رائے نہیں ہے۔
منوری بیگم اورکمیٹی کے صدرنشین اے پی عبداللہ کٹی دونوں نے بتایاکہ وی آئی پی عازمین کیلئے ترجیحی سلوک ختم کرنا وزیراعظم نریندرمودی کے اس عام طریقہ کے مطابق ہوگاکہ اونچے سماجی مقام کی وجہ سے کسی کوخصوصی مراعات نہ دی جائیں۔
انہوں نے کہاکہ ایک ایسے وقت جبکہ لاکھوں افراد سفر حج کے منتظر ہیں، یہ وی آئی پی کلچر اچھانہیں ہے۔ یہ خراب ہے۔ وزیراعظم نریندرمودی وی آئی پی کلچر کے خاتمہ کے حق میں ہیں۔ اس مسئلہ پرمزیدوضاحت جلد متوقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام شرکاء سے بات چیت کے بعد ہماری نئی پالیسی تیارکی گئی ہے۔چند دن کے اندر نئی حج پالیسی کا اعلان کیاجائے گا۔