دہلی

محمد زبیر کے بیرونی دوروں پر سیکوریٹی ایجنسیوں کی نظر

سیکوریٹی ایجنسیوں کے بموجب آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر نے سعودی عرب اور آسٹریلیا کا سفر کیا تھا۔ بنگلورو کا رہنے والا یہ نوجوان ٹیلی کام انجینئرنگ میں بیچلر ڈگری کا حامل ہے۔

نئی دہلی: سیکوریٹی ایجنسیوں کے بموجب آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر نے سعودی عرب اور آسٹریلیا کا سفر کیا تھا۔ بنگلورو کا رہنے والا یہ نوجوان ٹیلی کام انجینئرنگ میں بیچلر ڈگری کا حامل ہے۔

اس نے خانگی ایم ایس رمیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی(ایم ایس آر آئی ٹی) سے تعلیم حاصل کی تھی۔ سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے حکومت ِ اترپردیش کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے سپریم کورٹ سے کہا تھا کہ معاملہ زبیر کی صرف ایک ٹویٹ کا نہیں ہے بلکہ یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا وہ ملک کو غیرمستحکم کرنے کے لئے کسی ٹویٹ سنڈیکیٹ کا حصہ تو نہیں ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ زبیرکی کمپنی کو ایسے ممالک سے عطیات ملے ہیں جو ہندوستان کے مخالف ہیں۔ حکومت ِ یوپی کے وکیل نے چہارشنبہ کے دن کہا تھا کہ زبیر نے اپنی شرانگیز ٹویٹس کے ذریعہ 2کروڑ روپے سے زائد کمائے اور وہ صحافی نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے زبیر کو ضمانت منظور کرتے ہوئے حکومت ِ یوپی کی یہ بات ماننے سے انکارکردیا تھا کہ اسے ٹویٹنگ سے باز رکھا جائے۔

جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا تھا کہ یہ تو ایسا ہی ہے جیسے کسی وکیل سے کہا جائے کہ وہ بحث نہ کرے۔ ہم کسی صحافی کو یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ وہ لکھنا بند کردے۔ جسٹس چندرچوڑ نے کہا کہ اگر اس کی ٹویٹس سے قانون کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو حکام ازروئے قانون کارروائی کرسکتے ہیں۔

وہ بال بچے والا ہے۔ اس کے ماں باپ زندہ ہیں۔ اس نے 2005میں انجینئرنگ کی ڈگری لی اور بنگلورو میں 2 سال تک ایرٹیل انٹرپرائزس میں کام کیا۔ اس کے بعد سسکو۔ ایچ سی ایل میں ایک سال کام کرنے کے بعد 2008 میں اس نے نوکیا۔ سیمنس جوائن کی تھی۔ کام کے سلسلہ میں وہ سارا ملک بشمول تمام بڑے شہروں میں سفر کرتا رہا۔ اس نے این ایس این کے لئے 10سال کام کیا۔

a3w
a3w