شمالی بھارت

مسلمان عیدالاضحی پر گائے کی قربانی نہ کریں: دارالعلوم دیوبند

دارالعلوم دیوبند نے بھی ہر سال کی طرح اس سال بھی کاؤپروٹیکشن ایکٹ کے پیش نظر مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی حالت میں گائے کی نسل کی قربانی نہ کریں۔ اس قانون کے تحت گائے نسل کی قربانی کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔

سہارنپور: اتر پردیش کے سہارنپور واقع دیوبند میں سماجی تنظیم دارالعلوم نے عید الاضحی کے پیش نظرگائے کی نسل کی قربانی نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ دریں اثناء انتظامیہ نے بھی ہفتہ کو منائے جانے والے اس تہوار کے حوالے سے مکمل چوکسی اختیار کرتے ہوئے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بھرپور تیاریاں کر لی ہیں۔

افسران نے ضلع ہیڈکوارٹر سے لے کر تھانے کی سطح تک امن کمیٹیوں کے ذریعے اس تہوار پر عوام سے امن و ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی حالت میں عوامی مقامات پر جانوروں کی قربانی نہ دیں۔ اگر ایسا کوئی واقعہ پایا گیا تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دارالعلوم دیوبند نے بھی ہر سال کی طرح اس سال بھی کاؤپروٹیکشن ایکٹ کے پیش نظر مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی حالت میں گائے کی نسل کی قربانی نہ کریں۔ اس قانون کے تحت گائے نسل کی قربانی کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔ دارالعلوم دیوبند نے گائے کے ذبیحہ کے خلاف فتویٰ بھی جاری کیاہوا ہے۔

دارالعلوم کے اعلیٰ عہدیدار محمد ابوالقاسم نعمانی نے مسلمانوں سے کہا کہ وہ عید کا تہوار امن اور ہم آہنگی کے ساتھ منائیں اور مساجد کے اندرہی نماز ادا کریں۔ عوامی مقامات پر جانوروں کی قربانی نہ کریں اور نہ ہی جانوروں کی باقیات کھلے عام سڑکوں پر پھینکیں۔

 ضلع مجسٹریٹ نے اس سلسلے میں ایک میٹنگ کی جس میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر وپن ٹاڈا، اے ڈی ایم انتظامیہ ارچنا دویدی، ایس پی سٹی راجیش کمار، ایس پی دیہی سورج کمار رائے وغیرہ موجود تھے۔

a3w
a3w