دہلی

مودی کے بھائی کا راشن ڈیلرس کی تائید میں جنتر منتر پر دھرنا

پرہلاد مودی نے کہا کہ ہمارا ایک وفد پردھان منتری کو یادداشت پیش کرے گا۔ اخراجات ِ زندگی بڑھ گئے ہیں۔ راشن دکانوں کا خرچ بھی بڑھ گیا ہے۔ ہمارے مارجن میں فی کیلوگرام صرف 20 پیسے کا اضافہ بھدا مذاق ہے۔

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی کے بھائی پرہلاد مودی نے جو آل انڈیا فیر پرائس شاپ ڈیلرس فیڈریشن کے نائب صدر بھی ہیں‘ تنظیم کے مختلف مطالبات پر زور دینے منگل کے دن نئی دہلی میں دھرنا دیا۔ پرہلاد مودی اور راشن ڈیلرس کی تنظیم کے دیگر ارکان جنتر منتر پر اکٹھا ہوئے۔ ان لوگوں نے بیانرس تھام رکھے تھے اور نعرے لگارہے تھے۔

 پرہلاد مودی نے کہا کہ ہمارا ایک وفد پردھان منتری کو یادداشت پیش کرے گا۔ اخراجات ِ زندگی بڑھ گئے ہیں۔ راشن دکانوں کا خرچ بھی بڑھ گیا ہے۔ ہمارے مارجن میں فی کیلوگرام صرف 20 پیسے کا اضافہ بھدا مذاق ہے۔ ہم مرکزی حکومت سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ہمیں راحت دے اور ہمارے معاشی مسائل حل کرے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ راشن ڈیلرس کی تنظیم کی قومی عاملہ کا اجلاس چہارشنبہ کے دن ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طئے ہوگا۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری بشوم بھر باسو نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ہم چہارشنبہ کے دن اسپیکر لوک سبھا اوم برلا سے بھی ملنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

 تنظیم کا ایک مطالبہ یہ بھی ہے کہ ملک بھر میں مغربی بنگال کا فری ڈسٹری بیوشن راشن ماڈل روبہ عمل لایا جائے۔ تمام ریاستوں بشمول جموں و کشمیر کے راشن مارجن بقایہ جات فوری ادا کردیئے جائیں۔ باسو نے کہا کہ ہمارا یہ بھی مطالبہ ہے کہ پکوان کا تیل‘ دالیں اور ایل پی جی گیس سلنڈرس راشن دکانوں کے ذریعہ سربراہ کئے جائیں۔