سوشیل میڈیامہاراشٹرا

نیانگر، کاشی میرا اور نوگھر میں دکانوں میں توڑپھوڑ (ویڈیوز)

حملہ آوروں نے کئی موٹرسیکلوں کو نقصان پہنچایا اور بھگوان رام کی تصویر والا ایک بھگوا جھنڈا پھاڑدیا۔ منگل کی رات نامعلوم افراد نے کاشی میرا‘ نیا نگر اور نوگھر علاقہ میں بعض دکانوں میں توڑپھوڑکی جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔

ممبئی/ تھانے: مہاراشٹرا کے ضلع تھانے کے بعض علاقوں بشمول نیا نگر میں نامعلوم افراد نے چند دکانوں میں توڑپھوڑ کی۔ نیانگر میں 3 دن قبل فرقہ وارانہ جھڑپ ہوئی تھی۔

عہدیداروں نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی۔ ضلع میں جاریہ ہفتہ ایک جلوس پر حملہ کے سلسلہ میں پولیس 2 افراد کو گرفتار کرچکی ہے۔ ویک اینڈ پر ممبئی سے متصل ضلع تھانے میں دکانوں اور ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کا جشن منانے نکالے گئے جلوس پر حملہ کے کئی واقعات پیش آئے۔

اتوار کی رات مسلم اکثریتی نیانگر میں وہیکل ریالی کے دوران دو فرقوں میں جھڑپ ہوئی تھی جس کے بعد 13 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ منگل کے دن مقامی بلدیہ نے بلڈوزر استعمال کرتے ہوئے نیانگر علاقہ میں سڑک کے کنارے ”غیرقانونی“ دکانوں کو ڈھادیا۔

ایک دن قبل ڈپٹی چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر پھڈنویس نے خبردار کیا تھا کہ فسادیوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

پیر کے دن ضلع تھانے کے میرا روڈ علاقہ میں رام مندر کا جشن منانے نکالے گئے جلوس پر شرپسندوں نے سنگباری کی۔

پڑگا علاقہ کے موضع بوریولی میں ایک اور واقعہ کی تفصیل بیان کرتے ہوئے ایک عہدیدار نے کہا کہ حملہ پیر کی رات 8:30 بجے کے آس پاس ہوا۔ موٹرسیکلوں اور پیدل جلوسیوں پر 15 افراد نے آہنی سلاخوں اور لاٹھیوں سے حملہ کردیا۔

حملہ آوروں نے کئی موٹرسیکلوں کو نقصان پہنچایا اور بھگوان رام کی تصویر والا ایک بھگوا جھنڈا پھاڑدیا۔ منگل کی رات نامعلوم افراد نے کاشی میرا‘ نیا نگر اور نوگھر علاقہ میں بعض دکانوں میں توڑپھوڑکی جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹرسیکل سوار افراد دکانوں پر پتھر پھینک رہے ہیں۔ ان علاقوں میں دکانوں کو نقصان پہنچا۔

میرا بھیندر‘ وسئی ویرار کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگال رہی ہے۔

نیا نگر علاقہ میں منگل کے دن مقامی پولیس‘ ایس آر پی ایف‘ آر پی ایف اور مہاراشٹرا سیکوریٹی فورس کے جوانوں نے فلیگ مارچ کیا۔ علاقہ میں صورتِ حال اب نارمل ہے۔ بھاری پولیس فورس تعینات کردی گئی۔

دکانیں‘ اسکول اور دیگر ادارے کھل گئے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اشتعال انگیز ویڈیو کو نظرانداز کردیں۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی درہم برہم کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

a3w
a3w