دہلی

نیٹ2023کے نتائج کا اعلان‘2 طلباء سرفہرست

میڈیکل انٹرنس امتحان نیٹ یوجی میں جاریہ سال ٹاملناڈوکے پربنجن جے اورآندھراپردیش کے بورا ورون چکرورتی نے 99.99 فیصد کے ساتھ سب سے زیادہ نشانات حاصل کئے ہیں۔

نئی دہلی: میڈیکل انٹرنس امتحان نیٹ یوجی میں جاریہ سال ٹاملناڈوکے پربنجن جے اورآندھراپردیش کے بورا ورون چکرورتی نے 99.99 فیصد کے ساتھ سب سے زیادہ نشانات حاصل کئے ہیں۔

نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی(این ٹی اے) نے آج یہ اعلان کیا۔20.38لاکھ طلباء و طالبات کے منجملہ11.45لاکھ امیدواروں نے اس امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اترپردیش میں سب سے زیادہ امیدواروں (1.39لاکھ) کواہل قراردیاگیاجبکہ مہاراشٹرامیں (1.3لاکھ) اورراجستھان میں زائد ایک لاکھ امیدواراہل قرارپائے۔

اترپردیش اورمہاراشٹراملک کی دو سب سے زیادہ آبادی والی ریاستیں ہیں جبکہ آبادی کے لحاظ سے راجستھان بھی دس سرفہرست ریاستوں میں شامل ہے۔ این ٹی اے نے7مئی کو ملک بھر کے499شہروں اور بیرون ملک14شہروں میں 4097 مراکزپر نیشنل ایلجی لیٹی کم انٹرنس ٹسٹ کا انعقاد عمل میں لایاتھا۔

این ٹی اے کے ایک سینئر عہدیدارنے بتایاکہ امتحانات کے دوران7امیدواروں کو نامناسب طریقہ استعمال کرتے ہوئے پایاگیااورقانون کے مطابق ان کے خلاف کاروائی کی گئی ہے۔ یہ امتحان13 زبانوں (آسامی، بنگالی، انگریزی،گجراتی، ہندی، کنڑ‘ ملیالم،مراٹھی، اڑیا‘پنجابی، ٹامل،تلگو اوراردو) میں منعقد کیاگیاتھا۔

ہندوستان کے باہرابوظبی، بینکاک، کولمبو، دوحہ، کٹھمنڈو، کوالالمپور، لاگوس،منامہ، مسقط، ریاض، شارجہ،سنگاپور، دبئی اورکویت سٹی میں بھی امتحان کا انعقاد عمل میں لایاگیاتھا۔

ایک عہدیدار نے بتایاکہ این ٹی اے نے امیدواروں کو آل انڈیارینک فراہم کیاہے اورداخلہ اتھارٹیزاپنے متعلقہ حدودمیں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس نشستوں کیلئے میرٹ پرمبنی فہرست تیارکریں گے۔عہدیدارنے بتایاکہ جب امیدوار اپنی ریاستوں میں درخواست داخل کریں گے تو وہ لوگ ریاست کے مطابق اپنے زمرہ کاحوالہ دیں گے۔ ریاستی کونسلنگ اتھارٹیز ان کی میرٹ فہرست تیارکریں گے۔