یوروپ

وزیراعظم نے پوتن سے ٹیلی فون پر کی بات چیت

وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکہ کے دورے سے واپس آنے کے بعد آج روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ فون پر بات کی اور ہندوستان-روس خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکہ کے دورے سے واپس آنے کے بعد آج روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ فون پر بات کی اور ہندوستان-روس خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم کے دفتر نے یہاں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اپنے دو طرفہ تعاون میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر پوتن نے مودی کو روس میں ہونے والی حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔ جبکہ وزیراعظم نے روسی صدر کو اپنے دوروں امریکہ اور مصر کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے یوکرین کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیا جب کہ روسی صدر نے یوکرین کے اردگرد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اسپیشل ملٹری آپریشنز کے علاقے کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔

انہوں نے تنازعہ کو روکنے کے لیے سیاسی اور سفارتی اقدامات کرنے سے یوکرین کی قیادت کے مکمل انکار کا حوالہ دیا اور اس پر کٹر پرستی کا الزام لگایا۔