وکیل کو سڑک پر گولی مار دی گئی، وکلاء کا احتجاج
دہلی کے دوارکا علاقہ میں ہفتہ کے روز ایڈوکیٹ ویریندر کمار نروال کو موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے گولی مار دی تھی۔ ان کی شناخت نریش اور پردیپ کی حیثیت سے ہوئی ہے۔
نئی دہلی: دہلی کے وکلاء کل اپنے ایک ساتھی وکیل کے قتل کے خلاف بطورِ احتجاج تمام ضلع عدالتوں میں کام سے غیرحاضر رہیں گے۔
نئی دہلی بار اسوسی ایشن (این ڈی بی اے) نے اپنے ارکان کے نام ایک مکتوب میں کہا کہ تمام ڈسٹرکٹ بار اسوسی ایشنس کی کوارڈنیشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ لوگ کل کام سے غیرحاضر رہیں گے، حتیٰ کہ ضمانت اور حکم ِ التوا کی سماعت میں بھی حصہ نہیں لیں گے۔
عدالتوں میں فوٹو کاپی مشینوں کو بھی بند رکھا جائے گا۔ دہلی کے دوارکا علاقہ میں ہفتہ کے روز ایڈوکیٹ ویریندر کمار نروال کو موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے گولی مار دی تھی۔ ان کی شناخت نریش اور پردیپ کی حیثیت سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نروال کو پردیپ کے ساتھ 36 سال قدیم دشمنی کے کیس میں ہلاک کیا گیا۔ اس کے دادا نے مبینہ طور پر 1987ء میں پردیپ کے چچا کو قتل کردیا تھا۔
نروال نے بھی مبینہ طور پر اراضی کے معاوضہ کی وصولی میں قانونی رکاوٹیں پیدا کردی تھیں۔ یہ رقم پردیپ کو حاصل ہونے والی تھی۔ رکاوٹیں پیدا کرنے کی وجہ سے پردیپ کو جو پیشہ ور پہلوان ہے، مالی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس نے 2017ء میں بھی نروال کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن وکیل بچ کیا تھا، جب کہ اس کا ڈرائیور زخمی ہوگیا تھا۔