جموں و کشمیر

وادی کشمیر میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائی، مکانات ڈھادیئے گئے

کشمیر میں حکام نے دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کے خلاف بڑی مہم شروع کردی ہے۔ عسکریت پسندوں کے مکانات ڈھا دیے گئے۔

سری نگر (پی ٹی آئی) کشمیر میں حکام نے دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کے خلاف بڑی مہم شروع کردی ہے۔ عسکریت پسندوں کے مکانات ڈھا دیے گئے۔

اُن کے محفوظ ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے اور سینکڑوں اوور گراؤنڈ ورکرس (او جی ڈبلیو) کو حراست میں لیا گیا تاکہ ان سے منگل کے پہلگام حملہ کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کی جائے۔ عہدیداروں نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔

سیکوریٹی فورسس وادی کے طول و عرض میں دہشت گردوں کے ساتھیوں اور ان کے ہمدردوں کے پیچھے پڑگئی ہیں تاکہ پہلگام جیسا حملہ دوبارہ نہ ہو۔ گزشتہ 48 گھنٹوں میں 5 دہشت گردوں یا ان کے ساتھیوں کے مکانات ڈھا دیے گئے۔

ضلع اننت ناگ کے بیچ بہارا علاقہ اور ضلع پلوامہ کے ترال علاقہ میں 2 سرگرم دہشت گردوں عادل ٹھوکر اور آصف شیخ کے مکانات پُراسرار دھماکوں سے اڑا دیے گئے۔ عادل ٹھاکر کا نام پہلگام حملہ میں ملوث 3 دہشت گردوں میں آیا ہے۔ آصف شیخ کے ملوث ہونے سے انکار نہیں کیا گیا ہے۔

سیکوریٹی فورسس نے سینکڑوں اوور گراؤنڈ ورکرس اور ان کے حامیوں کو حراست میں لیا ہے۔ یہ کارروائی زیادہ تر جنوبی کشمیر کے 4 اضلاع میں کی گئی۔ ہفتہ کے دن سری نگر میں 12 سے زائد مقامات بشمول صفا کدل، ثورہ، بیمینا، لال بازار اور زدی بل میں چھاپے مارے گئے۔ ضلع اننت ناگ میں موبائل وہیکل چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ مشتبہ نقل و حرکت پر نظر رکھی جاسکے۔