ٹاملناڈو کے 4 مسلم نوجوانوں کے خلاف این آئی اے چارج شیٹ
صادق باشا عرف صادق باشا ترابی‘ جے سی ایم اے صادق‘ آر عاشق عرف محمد عاشق اِلٰہی‘ اے محمد عرفان اور رحمت اللہ عرف رحمت نفرت پھیلانے ملک کا ایک حصہ الگ کردینے کی سازش میں ملوث تھے۔
نئی دہلی: نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی(این آئی اے) نے ٹاملناڈو کے رہنے والے 4 افراد کا ایک ناپاک منصوبہ بے نقاب کیا ہے جو اسلامک اسٹیٹ اور القاعدہ سے روابط کے ذریعہ مخالف ہند سرگرمیاں جاری رکھنے مختلف گروپس قائم کرنا چاہتے تھے۔
صادق باشا عرف صادق باشا ترابی‘ جے سی ایم اے صادق‘ آر عاشق عرف محمد عاشق اِلٰہی‘ اے محمد عرفان اور رحمت اللہ عرف رحمت نفرت پھیلانے ملک کا ایک حصہ الگ کردینے کی سازش میں ملوث تھے۔
این آئی اے نے چینائی میں ملزمین کے خلاف داخل چارج شیٹ میں یہ بات کہی۔ تحقیقاتی ایجنسی نے این آئی اے کی خصوصی عدالت میں 4 ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کی۔ 21 فروری کو گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران پولیس عہدیداروں کو دھمکانے کا کیس 5 افراد کے خلاف درج ہوا تھا۔
30 اپریل کو این آئی اے نے یہ کیس اپنے ہاتھوں میں لے لیا تھا۔ ملزمین خلافت پارٹی آف انڈیا‘ خلافت فرنٹ آف انڈیا‘ انٹلکچول اسٹوڈنٹس آف انڈیا جیسے گروپس قائم کرنے میں ملوث تھے۔ یہ لوگ اسلامک اسٹیٹ‘ القاعدہ اور سری لنکا کی نیشنل توحید جماعت (این ٹی جے) سے جڑے ہوئے تھے۔
این آئی اے نے یہ بھی کہا کہ تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ملزمین نے کیرالا کے ترواننت پورم اور ٹاملناڈو کے چینائی میں خفیہ میٹنگس کی تھیں تاکہ خلافت پارٹی آف انڈیا اور دیگر تنظیموں کے لئے ارکان بھرتی کئے جائیں۔ ملزمین کے قبضہ سے قابل اعتراض مواد برآمد ہوا تھا۔
تحقیقات میں پتہ چلا کہ ملزمین اسلامک اسٹیٹ/ داعش کے آقاؤں سے رابطہ میں تھے۔ وہ اسلامک اسٹیٹ اور نیشنل توحید جماعت سے متعلق ٹیکسٹ‘ تصاویر‘ میسیج‘ میگزین اور ویڈیوز استعمال کررہے تھے تاکہ بھولے بھالے نوجوانوں کو کٹر بنایا جائے۔