شمالی بھارت

پارلیمنٹ اجلاس ملتوی ہوا یا ابھی بھی جاری ہے؟ کانگریس کا سوال

حکومت پر بھارت جوڑو یاترا کو چن کر نشانہ بنانے کاالزام عائد کرتے ہوئے کانگریس نے چہارشنبہ کے دن کہاکہ بی جے پی‘کرناٹک اور راجستھان میں یاترا ئیں نکال رہی ہے۔

نوح (ہریانہ): حکومت پر بھارت جوڑو یاترا کو چن کر نشانہ بنانے کاالزام عائد کرتے ہوئے کانگریس نے چہارشنبہ کے دن کہاکہ بی جے پی‘کرناٹک اور راجستھان میں یاترا ئیں نکال رہی ہے۔

اس نے پوچھا کہ آیا وزیر صحت منسکھ منڈ اویہ نے ان یاتراؤں کے منتظمین کو مکتوب بھیجا ہے۔ وزیر صحت نے منگل کے دن راہول گاندھی اور چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوت کو لکھاتھا کہ کووڈ پروٹوکول پر عمل نہ ہو تو وہ بھارت جوڑو یاترا معطل کرنے پر غور کریں۔

کانگریس قائد پون کھیڑا نے نشاندہی کی پبلک ٹرانسپورٹ میں کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت سے کہاکہ کووڈ پروٹوکول کا اعلان کیاجائے‘ پارٹی اس پر عمل کرے گی۔

انہوں نے پوچھا کہ صرف راہول گاندھی کیوں؟ صرف کانگریس پارٹی کیوں؟ صرف بھارت جوڑو یاترا کیوں؟ پارلیمنٹ اجلاس ملتوی ہوا یا ابھی بھی جاری ہے؟

پارلیمنٹ اجلاس چل سکتاہے‘ راجستھان اور کرناٹک میں بی جے پی کی یاترائیں چل سکتی ہیں‘ ہوائی جہاز میں ماسک لازمی نہیں تو پھر راہول گاندھی اور بھارت جوڑو یاترا کو ہی نشانہ کیوں بنایا جارہاہے۔